• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان ٹینس فیڈریشن نے شکست کا ملبہ عقیل خان پر ڈال دیا

کراچی (شکیل یامین کانگا /اسٹاف رپورٹر) کپتان عقیل خان کی ناقص حکمت عملی کی باعث پاکستان کو نیوزی لینڈ کے خلاف ڈیوس کپ ایشیا اوشیانا گروپ ٹو پلے آف ٹو رائونڈ پاکستان کو 5-0 کی بدترین شکست کا سامنا کرنا پڑا، تجربہ کار کھلاڑی ہونے کی حیثیت سے سنگلز میں خود مقابلہ کرتے تو نتیجہ کچھ اور ہوتا، 2017 ڈیوس کپ کی تیاری کیلئے نوجوانوں کھلاڑیوں پر اپنی توجہ فوکس کررہے ہیں۔ جنگ سے باتیں کرتے ہوئے پاکستان ٹینس فیڈریشن کے سیکرٹری خالد رحمانی نے بتایا کہ اعصام الحق کے ٹائی سے دستبردار ہونے پر ہماری ٹیم کو مشکلات کا سامنا کرنا یقینی امر تھا لیکن آن پیپر ہماری ٹیم اتنی بھی کمزور نہیں تھی۔ عقیل خان نے ٹائی کے پہلے روز کھیلے جانے والے سنگلز میں خود نہ کھیل کر بڑی غلطی کی اگر وہ کورٹ میں اترتے تو یقیناً کامیابی حاصل کرتے اور ٹائی کا نقشہ تبدیل ہوتا لیکن انہوں نے سری لنکا میں چین کے خلاف سنگلز میں کپتان کی حیثیت سے اعصام الحق کے خود نہ کھیلنے کی روایت کو برقرار رکھتے ہوئے سنگلز مقابلوں میں شرکت نہیں کی۔ سامر افتخار اور عابد علی اکبر اچھے کھلاڑی ہیں لیکن بڑے میچ میں کھیلنے کا اتنا تجربہ نہیں رکھتے تھے۔ وہ مخالف کھلاڑیوں کے دبائو میں آگئے اور ابتدائی دونوں سنگلز ہارنے کے بعد ہماری پوری ٹیم دبائو میں آگئی۔ پانچ صفر کی شکست پر ان کا کہنا تھاکہ اس سے پہلے بھی پاکستانی ٹیم کو ڈیوس کپ میں کئی بار پانچ صفر کی شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ ہماری ٹیم گروپ ون میں ساتویں بار پہنچی اور ایک بار ورلڈ گروپ پلے آف کی 32 ٹیموں میں بھی پہنچ چکی ہے۔ ٹیم میں چوتھے کھلاڑی کو شامل نہ کئے جانے پر پی ٹی ایف پر تنقید کے حوالے سے خالد رحمانی کا کہنا تھا کہ پی ٹی ایف کے خلاف منفی پروپیگنڈہ کیا جارہا ہے۔ اسد نوازش نیوزی لینڈ آبزرور کی حیثیت سے گیا تھا اس کو ٹیم میں شامل کرنے کا کوئی فیصلہ نہیں ہوا تھا، اعصام الحق چوتھے کھلاڑی تھے وہ نہیں گئے۔ نیوزی لینڈ کا ویزا بڑی مشکل سے ملتا ہے، عقیل خان کو بھی دبئی سے ویزا ملا، چوتھا کھلاڑی اگر بھیجنا ہوتا تو ہم پاکستان سے بھیجتے۔2017 ڈیوس کپ مقابلوں کیلئے فیوچر پلاننگ کررہے ہیں جس کیلئے نوجوانوں کھلاڑیوں کو بھی کیمپ میں طلب کریں گے۔ شاٹ ٹرم پلاننگ کے ساتھ ساتھ لانگ ٹرم پلاننگ بھی کررہے ہیں۔ جونیئر انیشیٹو پروگرام کے تحت 2016 میں دو ہزار کھلاڑی اور 2017 میں دس ہزار نئے کھلاڑیوں کو متعارف کرانے کا پروگرام تیا کرلیا ہے۔ ڈیوس کپ میں شکست خودہ ٹینس ٹیم کے کپتان عقیل خان نیوزی لینڈ سے وطن پیر کو پہنچے گے جبکہ بقیہ دونوں کھلاڑی عابد علی اکبر اور سامر افتخار امریکا روانہ ہوجائیں گے۔
تازہ ترین