اسلام آباد (صباح نیوز) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ افغان مہاجرین کی ان کے وطن واپسی کے لئے ماحول کو بہتر بنانے کی ضرورت ہے ،جس طرح بے ڈھنگے طریقے سے افغان مہاجرین کو ان کے وطن کی طرف دھکیلا جا رہا ہے یہ طریقہ غلط ہے۔یہ بھارت کی تاریخ ہے کہ وہ اپنے مکروہ چہرے کو چھپانے کے لئے اقوام متحدہ کے اجلاس سے پہلے کوئی نہ کوئی ایسا واقعہ کرتا ہے۔وزیراعظم نوازشریف کو پوری جرات اور بہادری کے ساتھ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں بات کرنی چاہئے۔اکتوبر کے پہلے ہفتے میں پانامہ لیکس کے حوالے سے اپوزیشن کا اجلاس ہو گا اور لائحہ عمل ترتیب دیا جائے گا۔ان خیالات کا اظہار امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے وزارت سیفران میں افغان مہاجرین کے مسئلے کے حوالے سے قومی کانفرنس سے خطاب اور بعدازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ سراج الحق نے کہا کہ اجلاس بہت اہم تھا۔ افغان مہاجرین کا مسئلہ صرف مہاجرین کا مسئلہ نہیں ہے بلکہ یہ دو ریاستوں اور دو قوموں کا مسئلہ ہے۔ اس مسئلے پر ہمارے رویے ملک کے مستقبل پر اثرانداز ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ افغان مہاجرین کی ان کے وطن واپسی کے لئے ماحول کو بہتر بنانے کی ضرورت ہے جس کے لئے افغانستان میں امن کے لئے پرخلوص کوششیں کی جانی چاہئیں۔