نیس، فرانس( جنگ نیوز) امریکی خاتون ٹینس اسٹار سرینا ولیمز نے کہا ہے کہ میں اپنے بچوں کی ٹینس میں کیریئر بنانے کی حوصلہ افزائی نہیں کروں گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نیس میں اپنے کوچ پیٹرک موراتوگلو کی نئی ٹینس اکیڈمی کے افتتاح کے موقع پر میڈیا سے گفتگو میں کہی۔ سابق عالمی نمبر ایک نے کہا کہ اگر میرے بچے ہوئے اور انہوں نے ٹینس کھیلنے کی خواہش ظاہر کی تو ٹھیک ہے لیکن میں خود سے ان پر کھیل میں کیریئر بنانے کیلیے دبائو نہیں ڈالوں گی، میں نہیں چاہوں گی کہ وہ ان پر ہمیشہ اس بات کا پریشر رہے کہ وہ سرینا کے بچے ہیں اور اسی معیار کے مطابق کارکردگی پیش کرنی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ میں رواں برس ومبلڈن چیمپئن شپ کے بعد سے فٹنس مسائل سے نبردآزما ہوں، یو ایس اوپن اور اولمپکس میں کامیاب نہ ہوسکی، میں نے اپنے بہن وینس سے ایک بار مایوسی کے عالم میں کہا تھا کہ صحت کے مسائل نے میرا اولمپکس جیتنے کا خواب برباد کردیا۔ خیال رہے کہ سرینا عالمی ریکارڈ 23 ویں گرینڈ سلم ٹائٹل کے حصول کیلیے سرگرداں ہے لیکن گٹھنے کی تکلیف ان کی راہ میں مزاحم ہے۔ مبصرین کا کہنا ہے کہ شاید وہ نیا عالمی ریکارڈ قائم کرنے میں کامیاب نہ ہوسکیں لیکن ان کے کوچ پیٹرک کہتے ہیں کہ سرینا کم بیک کریں گی۔