راولپنڈی (سٹاف رپورٹر) سی پی او راولپنڈی اسرار احمد عباسی نے کہاہے کہ ضلع کے داخلی اور اہم مقامات پر مزید چیکنگ پوائنٹس بنا دیئے گئے ہیں۔ محرم الحرام میں نکلنے والے جلوسوں کے روٹس کی چیکنگ کی جا چکی ہے۔ماتمی جلوسوں اور سنگتی انچارج سے بروقت جلوس ختم کرنے کی یقین دہانی لی ہے۔سوشل میڈیا کو محرم الحرام میں فرقہ واریت پھیلانے کے لئے استعمال کیا جا سکتا ہے۔جو عناصر براہ راست نقصان نہیں پہنچا سکتے وہ افواہوں کے ذریعے نقصان پہنچانے کی کوشش کرتےہیں۔پولیس لائن نمبرایک میں میڈیاکے نمائندوں کوبریفنگ دیتے ہوئے سٹی پولیس آفیسرنے کہاکہ محرم کے دوران 161ٹربل پوائنٹس ہیں۔محرم میں 316جلوس اور 1766مجالس ہیں۔یوم عاشور پر 6ہزار سے زائد اہلکار ڈیوٹی سرانجام دیں گے۔محرم میں 10کمپنیاں آرمی اور 10کمپنیاں رینجرز طلب کی ہیں۔یوم عاشور پر مدرسہ دارالعلوم تعلیم القرآن کو خالی کرایا جائے گا۔محرم میں 35 شیعہ علما کے راولپنڈی داخلے پر پابندی عائد ہو گی۔یوم عاشور پر موبائل سروس بند کرنے کے لئے سفارش کی جائے گی۔انہوں نےکہا کہ صرف پولیس اپنے ڈرون کیمرے سے جلوس کی ویڈیو بنائے گی ۔ انتظامیہ مدرسہ تعلیم القران کی طرف سے بھی ہمیشہ کی طرح بھر پور تعاون کیا جارہا ہے ۔ سی پی او نےبتایا کہ سکیورٹی ڈیوٹی صرف وہی اہلکار سرانجام دے رہے ہیں جو نفسیاتی ٹیسٹ کلیئر کر چکے ہیں ۔ راولپنڈی میں کرائم کے حوالے سے بات کرتے ہوئے سی پی اور نے کہا کے جرائم کے انسداد کے حوالے سے کافی پیش رفت ہوئی ہے اور مزید اقدمات کیے جارہے ہیں ۔