اسلام آباد (نمائندہ خصوصی ) وزیر داخلہ چوہدری نثارعلی خان نے نادرا حکام کی جانب سے 45لاکھ روپے ماہانہ کرائے پر حاصل کی جانے والی بلڈنگ کے معاملے میں بے قاعدگیوں اور متعلقہ قوانین و ضوابط کی خلاف ورزی پر ڈی جی طاہر اکرم سمیت پوری ہائرنگ کمیٹی کو معطل کر دیا، وزیر داخلہ نے چیئر مین نادرا کو شناختی کارڈز درخواست گزار کیساتھ غیر مہذب یا بداخلاقی کے مرتکب نادرا اہلکاروں کو بھاری جرمانے عائد کر نے کی بھی ہدایت کی۔ ایف آئی اے نے کنٹریکٹس کی ناقص شقوں اور بھاری کرائے پر ایک کرائے کی عمارت کی ہائرنگ پر انکوائری رپورٹ پیش کی تھی۔ وزیر داخلہ نے نادرا میں چار گھنٹے سے زائد جاری اجلاس جس میں نادرا کے بورڈ ممبران بھی شریک تھے کی صدارت کرتے ہوئے نادرا کو ہدایت کی کہ وہ پاکستان میں اپنے سنٹرزکیلئے کسی بھی عمارت کی ہائرنگ سے گریز کریں، وزیرِداخلہ کی ہدایت پر نادرا سنٹرز پر شہریوں کی سہولت کیلئے 31 اکتوبر 2016ء سے ادارے کے عملہ کی بدسلوکی پر بھاری جرمانے کی شق متعارف کرائی جا رہی ہے شناختی کارڈ کی فراہمی کے ساتھ درخواست گزار کو نادرا کی جانب سے ایک فارم دیا جائے گا جس میں درخواست گزار نادرا اہلکار کی کسی بد اخلاقی یا بد مزاجی کے بارے میں آراء دے سکیں گے۔ وزیر داخلہ نے نادرا انتظامیہ سے کہا کہ دوسرے مرحلے میں نادرا ڈیجیٹا ئز کمپلینٹ سنٹرقائم کیا جائے ، ای پاسپورٹ کے پہلے مرحلے سے متعلق وزیر داخلہ نے کہا کہ اسے مئی تا جون 2017ء میں شروع کیا جائے ، پہلے مرحلے میں سرکاری اور ڈپلومیٹک پاسپورٹ جاری کئے جائیں گے ۔ انہوں نے ڈائریکٹر جنرل امیگریشن اینڈ پاسپورٹ کو ہدایت کی کہ 10 سالہ میعاد کے ای پاسپورٹ کے اجراء کیلئے ایک جامع حکمت عملی تیارکی جائے ۔ انہوں نے کہا کہ مرحلہ وار انداز میں دو سال کے اندر ای پاسپورٹ کے عمل کو مکمل کیا جائے۔ آن لائن پاسپورٹ سروسز سے متعلق انہوں نے فیصلہ کیا کہ آئندہ پیر سے اس کا باضابطہ افتتاح کیا جائے گا۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ نادرا کے مستقل انفراسٹرکچرکے قیام کیلئے سرکاری اراضی کی نشاندہی کی جائے تاکہ کرپشن کا راستہ روکا جا سکے اور شفافیت کے ایشوزکو حل کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے کیسزجہاں نادرا سنٹر کے قیام کیلئے اراضی دستیاب نہیں تو اس سلسلے میں کسی عمارت کی ہائرنگ کا فیصلہ نادرا بورڈ کی منظوری سے ہونا چاہئے۔ وزیر داخلہ کو نادرا حکام کی جانب سے بریفنگ دی گئی کہ کمپیوٹرائزڈ شناختی کارڈز کی دوبارہ تصدیق کی جاری نیشنل سکیورٹی مہم کے سلسلے میں نادرا نے اب تک 90.9 ملین کمپیوٹرائزڈ شناختی کارڈز کی تصدیق کی ہے جبکہ 60,675 اجنبیوں کی نشاندہی ہوئی اور اب تک 2473 اجنبیوں نے غیرقانونی ذرائع سے حاصل کئے گئے کمپیوٹرائزڈ شناختی کارڈز رضا کارانہ طور پر واپس کئے، 2473 میں سے 2392 افغانی،57 بنگالی، ایک بھارتی ، ایک انڈونیشیائی اورایک عراقی باشندہ شامل تھا جنہوں نے رضا کارانہ بنیادوں پر کمپیوٹرائزڈ قومی شناختی کارڈ واپس کئے۔ 98 افراد نے نادرا ڈیٹا بیس میں اجنبیوں کی شناخت کیلئے نادرا کی مدد کی ۔ وزیرداخلہ نے نادرا کی انتظامیہ سے کہا کہ وہ تمام شہری و دیہی نادرا سنٹرز کی بشمول انسانی وسائل کے ساتھ کارکردگی کا آڈٹ کرےتا کہ دستیاب افراد کی قوت کے موثر استعمال کو یقینی بنایا جاسکے۔