سکھر (بیورو رپورٹ)بھارتی جارحیت اور کشمیری عوام پر ہونیوالے مظالم کے خلاف نوجوانوں کی جانب سے پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، مظاہرین نے بھارتی فوج اور بھارتی حکومت کے خلاف سخت نعرے بازی کی اور بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کا پتلا بھی نذر آتش کیا، مظاہرے کی قیادت محمد یاسین شیخ نے کی۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی مسلمانوں کی دشمنی میں ذہنی مریض بن چکا ہے ، جس کے باعث وہ کشمیر میں بے گناہ مسلمانوں جن میں بچے اور خواتین بھی شامل ہیں کا قتل عام کروا رہا ہے، بھارتی فوج روزانہ کئی بے گناہ کشمیریوں کا قتل عام کررہی ہے لیکن افسوس کی بات یہ ہے کہ اقوام متحدہ اور عالمی حقوق کی تنظیمیں خاموش تماشائی کا کردار ادا کررہی ہیں جو کہ قابل مذمت ہے اقوام متحدہ کو اپنی قراردادوں پر عملدرآمد کرانا چاہیئے اور مقبوضہ کشمیر میں عوام پر ہونے والے مظالم کا نوٹس لینا چاہیئے۔دوسری جانب بچہ یونین کی جانب سے بھارتی جارحیت کے خلاف نواں گوٹھ میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرین نے اقوام متحدہ سمیت عالمی اداروں سے مطالبہ کیا کہ کشمیری عوام پر ہونے والے مظالم کا نوٹس لیا جائے اور بے گناہ کشمیریوں کا قتل عام بند کرایا جائے۔