عرفان صدیقی ، ٹوکیو ، جاپان ...وفاقی وزیر برائے پلاننگ و ڈیولپمنٹ اور سینئر لیگی رہنما احسن اقبال نے کہا ہے کہ تحریک انصاف حکومتی مخالفت میں ملکی مفادات کے خلاف اقدامات سے گریز کرے۔چین کے سفیر کو سیاست میں گھسیٹنا نہ صرف سفارتی آداب اور ملکی مفادات کے خلاف سنگین اقدام ہے،وہ تحریک انصاف کے سی پیک منصوبے پر موجود ہر اعتراض کو دور کریں گے یہی حکومتی پالیسی بھی ہے ۔
اپنے دورہ جاپان کے موقع پر روزنامہ جنگ کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا کہ صرف ایک ماہ قبل خیبر پختونخوا کے وزیر اعلیٰ پرویز خٹک سمیت چاروں صوبائی وزرائے اعلیٰ کو سی پیک منصوبے پر مکمل بریفنگ دی گئی تھی جس پر کسی کو بھی کوئی اعتراض نہ تھا لیکن اچانک وزیر اعلیٰ پرویز خٹک کی جانب سے منصوبے پر اعتراض اور چین کے سفیر کو بھی سیاست میں گھسیٹنا انتہائی قابل افسو س عمل ہے ، وہ اس سلسلے میں عنقریب چینی سفیر سے بھی ملاقات کریں گے ۔
انہوں نے کہا کہ اپنے دورہ جاپان میں جہاں وہ عالمی مارکیٹنگ کانفرنس میں لیکچر دیں گے وہیں جاپان کے نجی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کے لیے رضامند کرنے کی کوشش بھی کریں گے ۔
پاک بھارت کشیدگی کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں احسن اقبال نے کہا کہ بھارت کی جانب سے پاکستان کے اندر سرجیکل اسٹرائیک کا دعویٰ ایک بھونڈہ مذاق ہے جسے بالی ووڈ فلم کا اسکرپٹ ہی سمجھا چانا چاہیے ، ورنہ حقیقت یہ ہے کہ بھارتی فوجی اور سیاسی قیادت کو معلوم ہے کہ سرجیکل اسٹرائیک کے لیے پاکستان میں داخل ہونے والوں کو واپسی کا راستہ نہیں ملے گا ۔
انہوں نے کہا کہ پاک فوج کی طاقت اور اہلیت سے بھارت بخوبی آگاہ ہے پاکستان کی طاقت سے دشمن بخوبی آگاہ ہے اور بھارت کے سرجیکل اسٹرائیک کا جھوٹ پوری دنیا میں کھل چکا ہے اور ان کے پاس اپنے دعوے کو سچا ثابت کرنے کے لیے کوئی ثبوت موجود نہیں ہے ۔
قبل ازیں ایئرپورٹ پر احسن اقبال کے استقبال کے لیے ن لیگ جاپان کے صدر ملک نوراعوان ، نائب صدر ملک یونس اور یوتھ ونگ کے صدر علی کلیار کے علاوہ لیگی کارکنوں اور رہنمائوں کی بڑی تعداد موجود تھی ۔