کراچی (نصر اقبال، اسٹاف رپورٹر) قومی جونیئر ہاکی ٹیم کے ہیڈ کوچ طاہر زمان نے کہا ہے کہ جونیئر ورلڈ کپ میں شرکت کے لئے بھارت جانے کے حوالے سے کھلاڑیوں پر پاک بھارت کشیدگی کا کوئی اثر نہیں ہے، ان کی تیاری اور فوکس اہم ایونٹ پر مرکوز ہے۔ جنگ سے بات چیت کرتے ہوئے طاہر زمان نے کہا کہ ٹورنامنٹ میں شرکت کے بارے میں فیصلہ کرنا حکومت پاکستان اور ہاکی فیڈریشن کا کام ہے ہم اس اہم مقابلے کے لئے بھرپور تیاری کر رہے ہیں، بھارت میں کھلاڑیوں پر کوئی دبائو نہیں ہو گا، ان کو سیکورٹی دینا بھارتی حکومت، انڈین ہاکی فیڈریشن اور انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن کی ذمہ داری ہے، ہمیں امید ہے کہ قومی ٹیم کی بھارت میں شرکت کے حوالے سے کھلاڑیوں کو بھارتی عوام کی جانب سے کسی ردعمل کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا، سیاست کو کھیلوں سے دور رکھنا ہی دونوں ملکوں کے لئے بہتر ہے جس سے دونوں ممالک میں کھیلوں کو فروغ مل سکے گا۔ انہوں نے کہا کہ جونیئر ورلڈ کپ میں آسٹریلیا، انگلینڈ، نیوزی لینڈ اور بھارت جیسی مضبوط ٹیموں سے ہمیں مقابلہ کرنا ہے، یورپی ٹیموں کے خلاف ایک سال قبل ہم نے میچز کھیلے تھے مگر اب ہماری تیاری پچھلے سال کے مقابلے میں بہت بہتر ہے، قومی سینئر ٹیم کے ساتھ تین میچوں کی سیریز سے ہمیں اپنی خامیوں اور خوبیوں کا اندازہ ہوا ہے، جو خامیاں سامنے آئی ہیں انہیں دو ہفتے میں دور کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ جونیئر ورلڈ کپ سے قبل سلطان جوہر ہاکی ٹورنامنٹ ہمارے لئے سودمند ثابت ہو گا جس میں شرکت کے لئے قومی ٹیم اس ماہ ملائشیا جائے گی، ملائشیا میں پاکستانی کھلاڑیوں کو کھیلنے کا خاصا تجربہ ہے جو ایونٹ میں ہمارے لئے مددگار ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ہاکی میں خاصی تبدیلی آ چکی ہے کسی بھی ٹیم کو آسان تصور کرنا بہت بڑی غلطی ہوگی، ہم وہ غلطی نہیں کریں گے۔ طاہر زمان نے کہا کہ قومی ٹیم کی پریکٹس کے دوران گول کرنے اور پنالٹی کارنر کو گول میں تبدیل کرنے کے حوالے سے خاصی محنت کی گئی ہے، کھلاڑیوں کے درمیان خاصی ہم آہنگی پیدا ہو گئی ہے اور ہمیں ایک مضبوط اور بہتر کمبی نیشن والی ٹیم بنانے میں آسانی ہو گئی ہے۔