شیخوپورہ(نمائندہ جنگ سے) ضلع بھر میں یوم عاشور شہداء کربلا کی یاد میں انتہائی عقیدت و احترام سے منایا جائے گا جس کیلئے سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں ، رات گئے شیخوپورہ میں فلیگ مارچ ایس پی چوک تا چوک بہار شاہ تک ہوا جس میں پاک فوج اور رینجرز ، ایلیٹ فورس اور پولیس کے عملے نے حصہ لیا، ضلع بھر میں حضرت امام حسین اؓور انکے جانثار ساتھیوں کی میدان کربلا میں ہونیوالی شہادتوں کی یاد میں 54مقامات پر شبیہ ذوالجناح، علم اور جھولے کے جلوس نکالے جائیں گے شیخوپورہ میں مرکزی انجمن جعفریہ کے زیر اہتمام شبیہ ذوالجناح کا مرکزی جلوس صبح 9بجے شان حسین سے شروع ہو کر بعد دوپہر امام بارگاہ دربار حسین جناح پارک کا چکر لگا کر شام کو قبرستان عید گاہ پہنچ کر اختتام پذیر ہوا ، جلوس کے راستے میں مین بازار سے ملحقہ تمام گلیوں اور ملحقہ بازاروں کو خاردار تاروں سے بند کردیا گیا ہے اور چھتوں پر بھی سکیورٹی کے انتظامات کئے گئے ہیں جبکہ تمام مکاتب فکر کی طرف سے جلوس کے راستے میں بڑے پیمانے پر لنگر اور مشروبات تقسیم کرنے کے انتظامات کئے گئے ہیں، قبل ازیں نویں محرم کی شب کا جلوس رات گئے امام بارگاہ دربار حسین جناح پارک سے سینکڑوں عزاداران کیساتھ نکالا گیا جو اذان فجر سے قبل امام بارگاہ کلاں پہنچے گا، علاوہ ازیں انجمن امامیہ کے زیر اہتمام رات گئے جلوس شب عاشور امام بارگاہ شان زہرہ خالد روڈ سے شروع ہو کر امام بارگاہ دربار حسین پہنچ کر ختم ہوگیا۔