اسلام آباد(این این آئی)الیکشن کمیشن آف پاکستان نے گو شوارے جمع نہ کرا نے پر اپو زیشن لیڈر خورشید شاہ،شیخ رشید،خرم دستگیر سمیت 336ارکا ن پا رلیمنٹ کی رکنیت معطل کر دی، اثاثوں کی تفصیلات جمع نہ کرانے والے سینیٹ، ٗقومی اور صوبائی اسمبلیوں کے 336اراکین کی رکنیت معطل کردی گئی،ہفتہ کو حاصل ہونے والی دستاویز کے مطابق الیکشن کمیشن آف پاکستان نے 336 پارلیمنٹرینز کی رکنیت معطل کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔الیکشن کمیشن کے جاری نوٹیفیکیشن کے مطابق سینیٹ الیکشن ایکٹ کے سیکشن 25 اے کے تحت کارروائی کرتے ہوئے سینیٹ کے 22 ارکان اور الیکشن ایکٹ کے سیکشن 42 اے کے تحت قومی اسمبلی کے 66 ارکان کی رکنیت معطل کی گئی ہے۔اس کے علاوہ الیکشن ایکٹ کے سیکشن 42 اے کے تحت ہی پنجاب اسمبلی کے 137، سندھ اسمبلی کے 49، خیبرپختونخوا (کے پی) کے اسمبلی کے 49 اور بلوچستان اسمبلی کے 13 ارکان کی رکنیت معطل کی گئی ہے۔اثاثوں کی تفصیلات جمع نہ کرانے پر الیکشن کمیشن نے جن سینیٹرز کی رکنیت معطل کی ہے، ان میں سینیٹر نسرین جلیل، سینیٹر عطاء الرحمان، سینیٹر نہال ہاشمی، سینیٹر سلیم ضیا، سینیٹر سعید غنی اور سینیٹر بیرسٹر سیف شامل ہیں۔قومی اسمبلی کے جن ارکان کی رکنیت معطل کی گئی ہے، ان میں عائشہ گلا لئی، عارف علوی، خالد مقبول صدیقی، علی رضا عابدی اور مائزہ حمید، اسلامی نظریاتی کونسل کے چیئرمین مولانا محمد خان شیرانی، اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ، ڈاکٹر فہمیدہ مرزا، شیخ رشید احمد، پیر امیر حسنات ٗ طلال چوہدری ٗ وفاقی وزیر خرم دستگیر ٗ وزیر مملکت سائرہ افضل تارڑ ٗ وزیر مملکت طارق فضل چوہدری سمیت 336اراکین شامل ہیں۔واضح رہے کہ تمام پارلیمنٹیریز کو ہر سال ستمبر میں اپنے اثاثوں کی تفصیلات الیکشن کمیشن کو جمع کرانا ہوتی ہیں۔خیال رہے کہ 15 اکتوبر 2014 کو بھی الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے اثاثوں کی تفصیلات جمع نہ کرانے والے اراکین پارلیمنٹ و صوبائی اسمبلی کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 200 سو سے زائد کی رکنیت معطل کردی تھی۔