• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایشین ہاکی، پاکستان کو آج سیمی فائنل میں ملائیشیا کا چیلنج درپیش

کراچی(اسٹاف رپورٹر) ایشین چیمپئنز ٹرافی ہاکی ٹورنامنٹ میں پاکستانی ٹیم ہفتے کو سیمی فائنل میں میزبان ملائیشیا کے ساتھ سخت مقابلے کاسامنا کرے گی، قومی ٹیم ایونٹ میں اپنے اعزاز کا دفاع کررہی ہے، جبکہ دوسرے سیمی فائنل میں بھارت اور کوریا کی ٹیمیں مدمقابل ہوں گی۔ ملائیشیا میں جاری ایونٹ اختتامی مراحل کی طرف گامزن ہے اور ٹاپ چار ٹیموں دفاعی چیمپئن پاکستان، ملائیشیا، بھارت اور کوریا نے شاندار کھیل کی بدولت سیمی فائنل میں جگہ بنا رکھی ہے، ایونٹ کے سیمی فائنلز ہفتہ کو کھیلے جائیں گے۔ پاکستانی ٹیم ٹائٹلز کی ہیٹ ٹرک مکمل کرنے سے دو فتوحات کی دوری پر ہے لیکن سیمی فائنل میں اسے سخت حریف ملائیشیا کا چیلنج درپیش ہے، ملائیشیا نے اس سے قبل پول میچز میں پاکستان کو شکست دی تھی۔ پاکستان کا ایک بار پھر روایتی حریف بھارت سے مقابلہ متوقع ہے، اگر دونوں ٹیمیں سیمی فائنلز جیت گئیں تو پھر 30 اکتوبر کو فیصلہ کن معرکے میں آمنے سامنے ہوں گی۔ بھارتی ٹیم بھی اس سے قبل پول میچ میں پاکستان کو زیر کر چکی ہے۔پاکستانی ٹیم کے کپتان فرید احمد نے جمعے کو کوانٹن ملائیشیا میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ سیمی فائنل میں ملائیشیا کو آ سان نہیں لیں گے، رائونڈ میچ میں شکست کے دبائو میں نہیں آ ئیں گے، ملائیشیا کو ہوم ایڈوانٹیج حاصل ہوگا ،ابتدائی میچوں میں ناکامی کےبعد کھلاڑی اپنی فارم میں آ چکے ہیں۔ اور وہ فائنل جیتنے کے لئے بے تاب ہیں ، انہوں نے کہا کہ خواہش ہے کہ فائنل میں روایتی حریف بھارت سے مقابلہ اور ہم اس کو ہرا کر اپنے اعزاز کا دفاع کریں ، انہوںنے کہا ٹور نامنٹ سے ہمیں بہت سیکھنے کا موقع ملا ہے ، کھلاڑیوں کو مستقبل میں اپنی کار کردگی کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔ 
تازہ ترین