راولپنڈی ( اپنے نامہ نگار سے) ضلع راولپنڈی میں تعینات ایکسائز عملہ کو نومبرکیلئے پراپرٹی ٹیکس کی وصولیوں کا ساڑھے سترہ کروڑ کا ہدف دیدیا گیا ہےاور انہیں پراپرٹی ٹیکس دہندگان کے استثنٰی سمیت دیگر مسائل کو جلد سے جلد کلیئر کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، ذرائع کے مطابق پیر کو ڈائریکٹر ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن راولپنڈی ڈویژن تنویر عباس گوندل کی سربراہی میں ای ٹی اوز پراپرٹی ٹیکس نازیہ جاوید ، نعمان ملک ، شیخ شاہد اقبال اور موٹر رجسٹرنگ اتھارٹی مسعود بشیر وڑائچ سمیت دیگر عملہ کا خصوصی اجلاس ہوا ، اس موقع پر ڈائریکٹر ایکسائز تنویر عباس گوندل نے زون ون کیلئے نومبر میں ساڑھے آٹھ کروڑ روپے ، زون ٹو کیلئے آٹھ کروڑ 25لاکھ روپے جبکہ ٹیکسلا ، گوجرخان اور مری کی تحصیلوں کیلئے 75لاکھ روپے کا ہدف دیا اور ہدایت کی موجودہ مالی سال کے اہداف کے ساتھ ساتھ بقایا جات کی وصولیوں کو بھی یقینی بنایا جائے ، جن جائیدادوں کے استثنٰی سمیت دیگر مسائل ہیں وہاں موقع پر جاکر اے ای ٹی او اور انسپکٹر نہ صرف اپنی تصاویر بنوائیں بلکہ ان کے مسائل بھی حل کئے جائیں، اس موقع پردفتر میں گاڑیوں کی پرانی پڑی ہزاروں کمپیوٹرائز نمبر پلیٹس کی مالکان تک پہنچانے کا معاملہ بھی زیر بحث آیا ، ڈائریکٹر ایکسائز تنویر عباس گوندل نے کہا کہ تیزی سے شہریوں کو گاڑیوں کی نمبرپلیٹس کی فراہمی جاری ہے ، روزانہ پچاس سے ستر نمبرپلیٹس فراہم کی جا رہی ہے،انہوں نے کہا کہ موٹر برانچ کو رواں ماہ کیلئے ریونیو کی وصولیوں کا ہدف آئندہ ایک دو روز میں دیا جائے گا۔واضح رہے کہ گذشتہ ماہ کے دوران ایکسائز عملہ مقررہ ہدف کا صرف چوتھائی حصہ ہی وصول کر سکا ہے۔