وفاقی وزیر منصوبہ بندی اور ترقیات احسن اقبال کاکہنا ہے کہ خیبر پختونخوا حکومت سی پیک پر سیاسی تنازع کھڑا کرنا چاہتی ہے، قومی منصوبے کو عدالتوں میں گھسیٹ کر کس کی خدمت کی جائے گی۔
لاہور کے ایکسپو سینٹر میں تقریب سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو میں وفاقی وزیر نے کہا کہ سی پیک کے مغربی روٹ پر تیزی سے کام جاری ہے، کے پی کے حکومت قومی منصوبے کو سیاست کی بھینٹ نہ چڑھائے، اس سے ان کا امیج بھی خراب ہو گا۔
ان کا کہنا تھا کہ پاناما کیس کی سماعت سپریم کورٹ میں جاری ہے، سیاسی جماعتوں کو چاہئے کہ پتلی تماشہ کرنے کے بجائے عدالتوں کو کام کرنے دیا جائے۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ آج دنیا پاکستان کی تیز ترقی کو تسلیم کررہی ہے،70سالوں میں 16ہزار میگاواٹ پیدا کی گئی جبکہ صرف 3سال میں 11ہزار میگاواٹ بجلی بنائی جائیگی۔
انہوں نے مزید کہا کہ سڑکوں پرتنقید کرنے والے عقل کے اندھے یہ نہیں جانتے کہ ترقی کا سفر سڑک سے شروع ہوتا ہے۔