• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نظام صفائی کی بہتری کیلئے راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی میں مزید بھرتیوں کا فیصلہ

راولپنڈی(راحت منیر/اپنے رپورٹر سے) راولپنڈی میں صفائی نظام کو مزید بہتر بنانے کیلئے راولپنڈی ویسٹ منیجمنٹ کمپنی میں مزید بھرتیوں کا فیصلہ کیا گیا ہے۔جبکہ ٹرانسفراسٹیشن کی تکمیل پر مزید ڈیڑھ ماہ لگے گا۔بائیو میٹرک سسٹم سے حاضری نظام بہتر ہوا ہے۔ان خیالات کا اظہار راولپنڈی ویسٹ منیجمنٹ کمیٹی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے چیئر مین ایم پی اے راجہ حنیف نے کیا۔انہوں نے بتایا کہ راولپنڈی ویسٹ منیجمنٹ کمیٹی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے جلاس میں ڈی سی او راولپنڈی طلعت محمودگوندل،سردار نسیم خان،ملک شکیل اعوان سمیت دیگر ارکان نے شرکت کی ۔جس میں فیصلہ کیا گیا کہ یونین کونسلوں میں سینٹری ورکرز کی تعداد بڑھا جائے تاکہ صفائی کی صورتحال مزید بہتر کی جاسکے۔اس لئے آئندہ مالی سال کے بجٹ کی منظوری میں آر ڈبلیو ایم سی میں مزید پانچ سے چھ سو ورکرز بھرتی کرنے کی منظوری رکھی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ ہر یونین کونسل کےچیئر مین نے بھی مطالبہ کیا ہے کہ ان کی یونین کونسلوں میں عملہ صفائی کی تعداد بڑھائی جائے۔تاکہ چھوٹی چھوٹی اندرورنی گلیوں اور نالیوں کی بھی مقررہ معیار کے مطابق صفائی ہوا کرے۔جس کی بورڈ نے منظوری دیدی ہے۔ادھر راولپنڈی ویسٹ منیجمنٹ کمپنی کے سیکرٹری بیرسٹر مدثر نے استعفی دیدیا ہے۔اس حوالے سے انہوں نے گزشتہ روز چیئر مین بورڈ آف ڈائریکٹرز راجہ حنیف ایم پی اے سے ملاقات کی تھی۔نئے سیکرٹری کی بھرتی کیلئے کام شروع کردیا گیا ہے۔
تازہ ترین