راولپنڈی(راحت منیر/اپنے رپورٹر سے)ایف آئی اے نےجی پی او راولپنڈی کے خزانے میں ایک کروڑ49لاکھ31ہزار 650روپے کےفراڈ کی تحقیقات کا آغاز کردیا۔ادھرپاکستان پوسٹ نے جی پی او راولپنڈی کے خزانے میں ہونے والے فراڈ کے بعد ایک مرتبہ پھر سینئر پوسٹ ماسٹر خزانہ کو تبدیل کردیا ہےاور دو سال قبل سینئر پوسٹ ماسٹر خزانہ کے عہدے پر تعینات ایسے افسر کو واپس لگایا گیا ہےجس کو خزانے سے زیادہ رقم جاری کرنے اور غیر ذمہ داری کا مظاہرہ کرنے پر معطل کرکے تنزلی کی سزا کے ساتھ ساتھ15لاکھ روپے کی ریکوری ڈالی گئی تھی۔جمعہ کو جاری احکامات کے تحت عارضی طور پر سٹیلائیٹ ٹائون پوسٹ آفس میں تعینات سینئر پوسٹ ماسٹر اجمل خان کو دوبارہ جی پی او راولپنڈی کےخزانے کا سینئر پوسٹ ماسٹر خزانہ لگایا گیا ہے۔جبکہ20روز قبل تعینات کئے گئے رضا مرزا کو واپس سینئر پوسٹ ماسٹر ڈیلیوری لگادیا گیا ہے۔اجمل خان کو دو جولائی2014میں ایک کروڑ پانچ لاکھ روپے کی چک بیلی خان روڈ پر ہونے والی ڈکیتی پر معطل کرکے الزام لگایا گیا تھا کہ انہوں نے اضافی کیش بغیر کسی سکیورٹی کے کیوں جاری کی تھی۔اس غیر ذمہ داری پر 2015میں ان کو تنزلی کی سزا کے ساتھ ساتھ15لاکھ روپے ادا کرنے کا حکم دیا گیا تھا۔جس کا کیس ابھی تک ایف ایس ٹی میں چل رہا ہے۔اس حوالے سے ڈپٹی پی ایم جی سمیع اللہ خان نے رابطہ کرنے پر بتایا کہ اجمل خان کی سزا ختم ہوچکی ہے۔تمام جی پی اوز انڈیپنڈنٹ ہیں۔اب ہم ہر جی پی او میں خود نہیں بیٹھ سکتے جو لوگ موجود ہیں ان سے ہی کام لینا ہے۔ہمارا سسٹم ایکٹیو ہوگیا ہے اب پہلے جیسے معاملات نہیں ہوں گے۔