• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

احتساب سے کوئی بچ نہیں سکتا،قوم کی نظریں سپریم کورٹ پر ہیں،سراج الحق

لاہور(نیوز ایجنسیاں) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ پوری قوم کی نظریں سپریم کورٹ پر ہیں اور اب احتساب سے کوئی نہیں بچ سکے گا پاناما لیکس کے ملزم ہوں یا بینکوں سے قرضے لے کر ہڑپ کرنے والے سب کو عبرتناک سزا ملنا ناگزیر ہے ،بے لاگ احتساب کا نعرہ بچے بچے کی زبان پر ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پشاور کے مختصردورے کے موقع پرجماعت اسلامی سے تعلق رکھنے والے صوبائی وزراء کے ہنگامی اجلاس سے خطاب اور میڈیاسے گفتگوکرتے ہوئے کیااجلاس میں سینئر صوبائی وزیر عنایت اللہ خان،وزیر خزانہ مظفر سید،صوبائی جنرل سیکرٹری عبدالواسع بھی موجود تھے ،اجلاس میں صوبہ خیبر پختونخوا کے سیاسی حالات اور حکومتی امور پر تفصیلی مشاورت کی گئی ۔سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ میں نے عنایت اللہ خان کو ہدایت کی ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے ساتھ جماعت اسلامی کا جن نکات پر اتحاد ہوا تھا ان میں کرپشن سے پاک سیاسی ماحول پیدا کرنا اور سیاسی و سماجی انصاف کی فراہمی یقینی بنانا شامل ہے ۔ہمارے وزرا اور ارکان صوبائی اسمبلی ان امور کو یقینی بنائیں۔سراج الحق نے کہا کہ جماعت اسلامی ایک سال سے کرپشن کے خلاف جو تحریک چلا رہی ہے اس کے نتیجے میں قوم کا بچہ بچہ بے لاگ اور سب کا احتساب چاہتا ہے ۔اس اہم قومی مطالبہ کی باز گشت سپریم کورٹ میں صاف سنائی دے رہی ہے اور اب کوئی بھی احتساب سے بچ نہیں پائے گا۔سراج الحق نے کہا کہ سپریم کورٹ میں پاکستان کی تاریخ کا سب سے اہم مقدمہ چل رہا ہے۔اگر عدالت عظمیٰ نے اس موقع پر اپنا تاریخی کردار ادا کیا تو پاکستان صحیح معنوں میں ترقی،خوشحالی اور جمہوریت کی پٹڑی پر چڑھ جائے گا۔انھوں نے کہا کہ کرپشن ہمارے معاشرے کا ناسور بن چکا ہے اس کو جڑ سے اکھاڑ پھینکا گیا تو یہاں سے غربت ،پسماندگی اور بے روزگاری کا خاتمہ ہو جائے گا۔قبل ازیں انہوں نے عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما اور سابق صوبائی وزیرحاجی عدیل کی وفات پر ا ن کے اہل خانہ سے تعزیت کی۔ ان کی رہائش گاہ پر فاتحہ خوانی کے بعدسینیٹرسراج الحق نے مرحوم کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ حاجی محمد عدیل صرف ایک پارٹی کے نہیں ہم سب کے غمخوار سیاستدان اور لیڈر تھے۔مرحوم کی حب الوطنی مثالی تھی اور وہ پختونوں کے حقیقی ہمدرد تھے۔بعد ازاں سراج الحق سابق ایس اسی پی ارباب فتح گل کے بھائی کی وفات پر فاتحہ خوانی کے لیے ان کی رہائش گاہ گئے اور مرحوم کے ایصال ثواب کے لیے دعا کی۔ اس موقع پر سینئرصوبائی وزیر عنایت اللہ خان،صوبائی وزیر خزانہ مظفر سید ،جماعت اسلامی کے صوبائی جنرل سیکرٹری عبدالواسع ،امیرجماعت اسلامی ضلع پشاور صابر حسین اعوان بھی موجود تھے ۔
تازہ ترین