بہاول پور (ڈسٹرکٹ رپورٹر)کمشنر بہاول پور ڈویژن ثاقب ظفر نے ہدایت کی ہے کہ جعلی ادویات بنانے کی فیکٹریوں اور اتائیوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔ڈرگ انسپکٹر جعلی ادویات کے کاروبار میں ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائیں اور مضبوط کیس بنائے جائیں تاکہ بھاری جرمانے کے ساتھ سخت سزا دی جا سکے۔ کمشنر ثاقب ظفر نے ناقص کارکردگی پر ڈرگ کنٹرولرمحمد عابد زین کے خلاف انکوائری کا حکم دیا ہے۔ کمشنر ثاقب ظفر نے کہا کہ جعلی ادویات کے کاروبار کی بیخ کنی میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی اوراس سلسلہ میں غفلت برتنے والے افسران کے خلاف سخت محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ وہ ڈویژنل ٹاسک فورس برائے صحت کے ویڈیو لنک اجلاس کی صدارت کررہے تھے۔ اجلاس میں تینوں اضلاع کے ایگزیکٹو ڈسٹرکٹ آفیسرز، سیکرٹری ڈسٹرکٹ کوالٹی کنٹرول بورڈ، ڈرگ انسپکٹر اور محکمہ صحت کے افسران موجود تھے۔اجلاس کو بتایا گیا کہ رواں ماہ578میڈیکل سٹورز کی پڑتال کی گئی۔ 161ادویہ کے نمونہ جات لیے گئے ۔ 36 دکانوں کو سر بمہر،6 ایف آئی آر،44کیسز کوالٹی کنٹرول بورڈ میں درج کیے گئے جبکہ مجموعی طور پر 5 لاکھ 18 ہزار روپے کے جرمانے عائد کیے گئے۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ گذشتہ ڈھائی ماہ کے دوران ڈویژن بھر کے2432 میڈیکل سٹور ز کی پڑتال کے دوران بے قاعدگی پر41 لاکھ روپے سے زائد کے جرمانے کیے گئے ہیں۔