• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بلاول بھٹو کوپارلیمانی سیاست میں لانے کا فیصلہ،لاڑکانہ سے الیکشن لڑنے کا مشورہ

 کراچی ( صبا ح نیوز)پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنماؤں نے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو پارلیمانی سیاست میں لانے کا فیصلہ کرلیا۔بلاول کو لاڑکانہ کی آبائی نشست این اے 204 سے ضمنی انتخابات کا ٹکٹ دیا جائے گا۔میڈیا رپورٹ کے مطابق گزشتہ روز پاکستان پیپلزپارٹی کے اجلاس میں رہنماوں نے چیئرمین کو پارلیمانی سیاست میں آنے کا مشورہ دیتے ہوئے فیصلہ کیا کہ لاڑکانہ کی آبائی نشست سے انہیں منتخب کرواکر اسمبلی کا حصہ بنایا جائے گا۔بلاول بھٹو کے الیکشن لڑنے کے لیے نشست کا فیصلہ دبئی اجلاس میں ہوگا تاہم پارٹی کے سینیئررہنماوں نے بلاول بھٹو کو لاڑکانہ 204سے الیکشن لڑنے کا مشورہ دے دیا۔ بلاول بھٹو خود لاڑکانہ کی آبائی نشست سے الیکشن لڑنا چاہتے ہیں، تاہم پارٹی میٹنگ میں ملیراورلیاری سے الیکشن لڑنا بھی آپشنزمیں شامل ہے ۔واضح رہے کہ این اے 204 لاڑکانہ سے ایاز سومرو پیپلزپارٹی کے ایم این اے ہیں، ایاز سومرو بینظیر بھٹو کے قریبی ساتھی تھے ،آج کل پارٹی سے کنارہ کش ہیں۔ ذرائع کے مطابق بلاول کی عملی سیاست میں آنے کا اعلان یوم تاسیس کی تقریب میں کیا جائے گا۔چیئرمین کو جنوبی پنجاب کی نشست سے بھی ٹکٹ دیا جاسکتا ہے۔سینیٹر فرحت اللہ بابر کہتے ہیں کہ پارٹی جائزہ لے رہی ہے کہ بلاول کو کیسے پارلیمان میں لایا جائے؟ آصف زرداری کی زیرصدارت اجلاس میں اس معاملے پر غور کا امکان ہے، وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ اجلاس میں شرکت کے لیے دبئی پہنچ گئے ہیں۔
تازہ ترین