کراچی(رفیق مانگٹ)چین میں عربی کی تعلیم کے لئے تصدیق شدہ نصاب جاری کردیا گیا، نصاب کی تیاری کےلئے چینی ثقافت کے تعلیمی پہلوؤں کے مطالعے اور تحقیق میں سات سال کا عرصہ لگا۔سعودی مصنفہ نسرین کاواس جنہوں نے اپنی تحریروں کے ذریعے چین میں سعودی کلچر متعارف کرایا ،ان کا کہنا ہے کہ چین میں عربی تعلیم کے لئے سب سے پہلا سند یافتہ نصاب جاری کردیا ہے جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ سعودی عرب مشرقی ایشیا میں عرب ثقافت کے فروغ میں دلچسپی رکھتا ہے۔انہوں نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ یہ نصاب مجاز حکام کی طرف سے اپنایا گیا ہے جو کہ ایک مکمل نصاب ہے یہ کئی درجوں،کتابوں اور سی ڈی ایز پر مشتمل ہے جس سے سننے اور بولنے میں مدد ملے گی۔ثقافتی خلیج کو پاٹنے کے لئےثقافت اور تخلیقی صلاحیتوں کے فروغ میں سرگرم تنظیم اوسس انٹرنیشنل فاؤنڈیشن کی طرف سے اس نصاب کی تیاری میں تحقیق کی گئی۔ان کا کہنا تھا کہ چینی شہریوں کے پاس تعلیم کے لیے خصوصی کتابیں ہیں اسی لئے انہوں نے عربی کی مختلف درجہ وائز کتابیں جاری کی جس میں تمام حروف اور سیکھنے کےلئے کہانیوں میں فرق ہے۔کاواس نے بین الاقوامی تعلقات پر پانچ کتابیں لکھی ہیں، چین میںتحقیق اور مطالعے میں تقریباًسات سال صرف کیے۔ اپریل 2016 میںچینی سفیر کی طرف سے ان کی تحقیق اور مطالعہ کو سراہا گیا۔