• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شہبا ز شریف کا معذوروں کی بہبود کے لیے 50 کروڑ روپے دینے کا اعلا ن

  لاہور(خصوصی نمائندہ)خصوصی افراد کے عالمی دن کے موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ  شہباز شریف نے کہا ہے کہ خصوصی بچے صلاحیتوں اور قابلیت میں عام بچوں کے مقابلے میں کم نہیں اور ان بچوں میں آگے بڑھنے کا بے پناہ جذبہ موجود ہے۔  خصوصی بچے سماج کیلئے بوجھ نہیں بلکہ یہ بوجھ بانٹنے کیلئے اپنی صلاحیتیں استعمال کر رہے ہیں۔ وزراء، سیکرٹریز اور متعلقہ اداروں کا فرض ہے کہ وہ خصوصی افراد کی مدد کیلئے آگے بڑھیں۔ہم سب کو زندگی کی مصروفیات سے وقت نکال کر خصوصی افراد کی مدد کیلئے وقت نکالنا چاہیئے۔ وزیراعلیٰ نے پنجاب ویلفیئر ٹرسٹ برائے خصوصی افراد کیلئے 50 کروڑ روپے کے فنڈ فراہم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اس رقم سے فنڈ کا مجموعی حجم ایک ارب روپے سے بڑھ جائے گا۔ پنجاب حکومت رواں مالی برس 30 کروڑ روپے ٹرسٹ کو دے گی جبکہ اگلے برس 20 کروڑ مزید فراہم کئے جائیں گے۔وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کہا ہے کہ پنجاب میں ادویات کی خریداری ،ترسیل اورتقسیم کا جدید اورفول پروف نظام لایا جارہا ہے جس سے ادویات کی خردبرد ،چوری اورغیر معیاری ادویات کامکرودھندا ختم ہوگا۔پنجاب حکومت نے صوبے سے جعلی اورغیرمعیاری ادویات کے خاتمے کیلئے پوری قوت سے مہم شروع کردی ہے اورانسانی جانوں سے کھیلنے والے ان عناصر سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جارہا ہے۔جب تک صوبے سے جعلی ادویات تیار کرنے والی انسانوں کی آخری قتل گاہ کا خاتمہ نہیں کرلیتے چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ایسا نظام لارہے ہیں جس  میں امیر اورغریب کو یکساں طبی سہولتیں  ملیں گی۔وزیراعلیٰ شہبازشریف نے ان خیالات کا اظہار گزشتہ روزماڈل ٹاؤن میں جعلی ادویات کے خاتمے کی مہم کے دوران شاندار کارکردگی دکھانے والے افسروں اور عملے میں نقد انعام اورسرٹیفکیٹس تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔وزیراعلیٰ نے جعلی ادویات کے خاتمے کی مہم میں بہترین کارکردگی دکھانے والے مختلف اداروں کے افسران و اہلکاروں کے مابین دس لاکھ روپے کے انعامات اورتعریفی اسناد تقسیم کیں۔وزیراعلیٰ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جعلی ادویات کا انتہائی خطرناک اورمکروہ دھنداہرحال میں ختم کرنا ہے کیونکہ اس کا تعلق براہ راست انسانی صحت سے ہے ۔ہمیں اس دھندے کیساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹنا ہے اوراس مکروہ کاروبار کے خاتمے کیلئے جان لڑا دینی ہے ۔اس مہم میں کامیابی اورناکامی کا فیصلہ عوام پر چھوڑیں گے۔ماضی بعید اورماضی قریب میں بھی اس دھندے کے خاتمے کیلئے کاوشیں کی گئیں لیکن یہ کام ادھورا ہی رہا۔ پنجاب اسمبلی کے آئندہ سیشن میں اس بارے میں مسودہ قانون دوبارہ لارہے ہیں اورجعلی ادویات کا مکروہ دھندہ کرنے والوں کو کڑی سزائیں ملیں گی ۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب کے 36اضلاع کے سرکاری ہسپتالوں میں سی ٹی سکین مشینیں فراہم کررہے ہیں جس سے عوام کو اپنے گھروں کی دہلیز پرسی ٹی سکین کی سہولت 24گھنٹے دستیاب ہوگی۔انہوں نے کہا کہ اضلاع کے ہسپتالوں میں سی ٹی سکین مشینیں وہی کمپنیاں چلائے گی جو یہ فراہم کرے گی۔اس سے ہسپتالوں میں منگوائی گئی کروڑوں روپے کی لاگت سے مشینیں بند کر کے مریضوں کو باہر سے سی ٹی سکین کرانے کا مکروہ دھندا بھی بند ہوگا۔انہوں نے کہاکہ ہسپتالوں میں اربوں روپے کی لاگت سے مشینری منگوائی جاتی ہے لیکن یہ ڈبوں میں بند رہتی یا پھر خراب اورمریضوں کو باہر سے ٹیسٹ کروانے پر مجبور کیا جاتا ہے اس سے بڑا ظلم دکھی انسانیت کے ساتھ اورکوئی ہونہیں سکتا ۔ہم نے اس روش کو ختم کرنا ہے اور انشا ء اللہ حکومت پنجاب کے ضلعی ہسپتالوں میں سی ٹی سکین مشینوں کی تنصیب سے باہر کا دروازہ بند اوراندر کا دروازہ کھلے گا۔وزیر اعلیٰ  شہباز شریف سے گزشتہ روز ترکی کی وزارت صحت کے اعلیٰ سطح کے وفد نے ملاقات کی جس کی قیادت ترکی کے ہیلتھ اصلاحات پروگرام کے سینئر ماہر ڈاکٹر حسن کاگل کر رہے تھے۔ ملاقات میں پنجاب حکومت اور ترک وفد کا ہیلتھ کئیر سروسز کو بہتر بنانے کیلئے تیز رفتاری سے اقدامات پر اتفاق کیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے اس موقع  پر کہا کہ ترکی کی معاونت سے صوبے کے ڈویژنل ہیڈکوارٹرز میں موٹر بائیکس ایمبولینس سروس شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ موٹر بائیکس ایمبولینس سروس ریسکیو 1122 کا حصہ ہوگی اور اس اقدام سے صوبے کے عوام کو ایمبولینس سروس کی سہولت میں بہتری آئے گی۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ لاہور اور دیگر ڈویژنل ہیڈکوارٹرز میں موٹربائیکس ایمبولینس سروس کے اجراء کیلئے فوری اقدامات کئے جائیں۔ترک وزارت صحت کے سینئر ماہرڈاکٹرحسن کاگل نے اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب کے ہیلتھ کیئرسسٹم کی بہتری کیلئے کئے جانے والے معاہد ے پروزیراعلیٰ شہبازشریف کے ویژن کے مطابق تیزی سے عملدر آمد کیا جائے گا۔قبل ازیں وزیر اعلیٰ  شہباز شریف کی زیر صدارت ترکی روانگی سے قبل گزشتہ روز ائیر پورٹ پر  اراضی سکینڈل کی تحقیقات کے حوالے سے انکوائری کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا۔وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ اراضی سکینڈل کے حوالے سے قائم انکوائری کمیٹی تحقیقات جلد مکمل کرے اورانکوائری کمیٹی ہر پہلو سے تحقیقات کر کے معاملے کی طے تک پہنچے اوراس ضمن میں ذمہ دار افراد کا تعین کر کے قانون کے تحت کارروائی کی جائے ۔وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ انکوائری کمیٹی تحقیقات مکمل کر کے جلد اپنی رپورٹ  پیش کرے۔شریف  گزشتہ روزترکی پہنچ گئے ،جہاں وہ عبداللہ گل میوزیم اورلائبریری کی افتتاحی تقریب میں شرکت کریں گے اور ترکی کے اعلی حکام سے ملاقاتیں بھی کریں گے۔عبداللہ گل میوزیم اورلائبریری کاافتتاح ترک صدر طیب رجب اردوان کریں گے۔ وزیراعلیٰ نے ترکی روانگی سے قبل گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میرے دورہ ترکی سے دونوں ملکوں کے مابین تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔وزیراعلیٰ ترکی کے دورے کے بعد برطانیہ جائیں گے۔ 
تازہ ترین