پشاور ( نیوز ڈیسک)وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک نے سوات ، ہری پور اور نوشہرہ کے جوڈیشل کمپلیکس کی تعمیر پر کا م تیز کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہاکہ ان کمپلیکسز میں بار روم، لائبریر ی اور فرنیچر کی سہولت مہیا کی جائے گی انہوں نے بتایا کہ اُن کی حکومت کی بہتر مالیاتی نظم وضبط اور وسائل کے ضیاع کو روکنے سے بچائے گئے وسائل کو صوبے بھر میں فلاحی سرگرمیوں کی طرف منتقل کیا گیا ہے۔وہ وزیراعلیٰ ہاؤس پشاور میںمختلف جوڈیشل کمپلیکسز کی تعمیر کے بارے میں اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔اجلاس کو بتایا گیا کہ سوات جوڈیشل کمپلیکس کی منظوری پی ڈی ڈبلیو پی نے دے دی ہے اورمنصوبہ تعمیر کیلئے تیار ہے،وزیراعلیٰ نے محمود خان کو اس کی تعمیر میں شامل کرنے کی ہدایت کی ۔اسی طرح وزیراعلیٰ نے ہری پور اور ایبٹ آباد کے جوڈیشل کمپلیکس کے بنیادی منصوبے کے مطابق از سر نو جائزہ لینے کی ہدایت کی ۔انہوں نے کہاکہ یہ عمارتیں کثیر المنزلہ ہو ں گی جس میں وکلاء کیلئے شیڈ زبھی ہوں گے ۔اسی طرح انہوںنے مردان جو ڈیشل کمپلیکس کومنصوبے کے مطابق عملی جامہ بنانے کی ہدایت کی ۔انہوں نے منصوبے میں سیکورٹی کا خصوصی خیال رکھنے کی بھی ہدایت کی ۔وزیراعلیٰ نے کام کے اعلیٰ معیار رکھنے کے ساتھ عمارت ایک ساتھ میں مکمل کرنے کا حکم دیا،انہوں نے نوشہرہ جوڈیشل کمپلیکس کی عمارت کی تعمیر کے متعلق ہدایت دیتے ہوئے زیر زمین پارکنگ کی تعمیر کی ہدایت کی تاکہ زائد جگہ میسر آسکے،انہوںنے کہاکہ اس اقدام سے صوبے کی اقتصادی ترقی پر بہت اثر پڑا ہے ۔انہوں نے کہاکہ سالانہ ترقیاتی پروگرام کیلئے مختص115 بلین روپے میں سے 35 بلین روپے مقامی حکومتوں کے لئے دیئے گئے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ نچلی سطح پر وسائل کی منتقلی کا مقصد شفافیت اور مقامی حکومت کو مستحکم بنانا ہے۔