اسلام آباد(نمائندہ جنگ)قائد حزب اختلاف قومی اسمبلی سید خورشید احمد شاہ نے سپریم کورٹ کے سانحہ کوئٹہ پر بنائے گئے انکوائری کمیشن کی رپورٹ پر اپنے رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ عدالت عظمیٰ کمیشن کی رپورٹ سے ثابت ہوگیا کہ وزیرداخلہ غلط بیانی کرتے ہیں، خدشہ ہے کہ ضرب عضب میں سول و ملٹری اداروں نے جو کامیابیاں حاصل ہوئی ہیں وہ بھی ضائع نہ ہو جائیں۔ میڈیا سے بات چیت میں قائد حزب اختلاف نے کہا کہ وہ کئی بار کہہ چکے ہیں کہ نیشنل ایکشن پلان پر عمل درآمد نہیں ہو رہا اور اس معاملے میں وزیر داخلہ تذبذب کا شکار ہیں اور اب عدالت عظمیٰ کے کمیشن کی رپورٹ سے ثابت ہوگیا کہ وزیر داخلہ غلط بیانی کرتے ہیں ، وزارت داخلہ میں قیادت کا فقدان ہے اور وزارت دہشت گردی کے خلاف جنگ میں کنفیوژن کا شکار ہے۔