سکھر (بیورو رپورٹ) حکومت، انتظامی افسران، میئر سکھر کے تمام تر دعوؤں اور صفائی ستھرائی کے حوالے سے گاڑیاں اور متعلقہ محکمے کو دیگر سہولتیں فراہم کئے جانے کے باوجود شہر میں صفائی ستھرائی کا نظام بحال نہ ہوسکا،گنجان آبادی والے علاقے، اہم کاروباری مراکز، شاہراہیں، گلی، محلوں میں گندگی کے ڈھیر ، سیوریج کے پانی کی موجودگی عوام کے لئے مشکلات کا باعث ہے۔ سردیوں کے موسم میں مچھروں کی افزائش میں بھی تیزی سے اضافہ ہورہا ہے اور کئی کئی روز تک گندگی کے ڈھیر نہ اٹھائے جانے کے باعث ان سے اٹھنے والا تعفن سے عوام مزید پریشان ہیں، محکمہ نساسک کے خلاف مختلف سیاسی، سماجی، تجارتی تنظیموں، شہری حلقوں کی جانب سے آئے روز احتجاج کئے جاتے ہیں لیکن حکومت، منتخب نمائندے ،ا نتظامی افسران ، میئر سکھر کوئی بھی اس کا نوٹس لینے کو تیار نہیں۔آئے روز شہر کے اہم ترین علاقے گھنٹہ گھر چوک ، بندر روڈ، مینارہ روڈ، ڈھک روڈ، میانی روڈ، لیاقت چوک، ملٹری روڈ، گرم گودی روڈسمیت دیگر علاقوں میں گندگی اور سیوریج کا پانی جمع ہونے کے باعث لوگوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔گندگی اور سیوریج کے پانی کی موجودگی کے حوالے سے علاقہ مکینوں کی جانب سے متعدد مرتبہ متعلقہ محکمے کو شکایات کی گئیں لیکن اس کا کوئی ازالہ نہیں ہوتا۔ سیوریج کے پانی اور گندگی کی موجودگی کے باعث عوام کو سخت مشکلات کا سامنا ہے جبکہ کاروباری سرگرمیاں متاثر ہونے کے ساتھ ساتھ لوگ بھی پریشان دکھائی دیتے ہیں خاص طور پرنماز کی ادائیگی کے لئے مساجد آنے والے لوگ سیوریج کے پانی کے باعث مشکلات سے دوچار ہوتے ہیں، محکمہ نساسک کی ناقص کارکردگی ،غفلت، کوتاہی اور لاپروائی کے باعث شہر کے بیشر علاقوں میں گندگی کے ڈھیر موجود ہیں ، کچرا کنڈیاں جن علاقوں میں رکھی ہوئی ہیں وہاں ان کچرا کنڈیوں کو بروقت اٹھانے کا کوئی انتظا م نہیں۔کچرا کنڈیوں میں کچرا بھر جانے کے بعد گندگی کچرا کنڈیوں سے باہر گرتی رہتی ہے۔ کئی کئی روز علاقے میں گندگی کے ڈھیر موجود رہنے سے تعفن اٹھنے کے باعث علاقہ مکین پریشان ہوتے ہیں، 8سال قبل صفائی ستھرائی، نکاسی آب اور فراہمی آب کی ذمہ داریاں میونسپل کارپوریشن سے لے کر محکمہ نساسک کو دی گئیں تھیں اور اس وقت عوام کو یہ نوید سنائی گئی تھی کہ شہر میں صفائی ستھرائی ، نکاسی آب اور فراہمی آب کا نظام ترجیحی بنیادوں پر بحال کیا جائے گا لیکن 8سال گزرجانے کے باوجود محکمہ نساسک شہر میں صفائی ستھرائی کے نظام کو بہتر کرنے میں مکمل طور پر ناکام ثابت ہوا ہے بلکہ صفائی ستھرائی کی صورتحال مزید خراب سے خراب تر ہوتی جارہی ہے محکمہ نساسک کی ناقص کارکردگی کے خلاف سکھر کی سیاسی، مذہبی، تجارتی، سماجی تنظیمیں اور شہری حلقے مسلسل سراپا احتجاج ہیں ، ان حلقوں نے قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید احمد شاہ، وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر سندھ کے تیسرے بڑے شہر سکھر میں نساسک کی ناقص کارکردگی کا نوٹس لیا جائے اور عوام کو ریلیف فراہم کیا جائے۔