• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سابق آرمی چیف (ر) جنرل راحیل شریف کی کردار کشی کے خلاف سکھر میں احتجاجی ریلی

سکھر (بیورو رپورٹ) سابق آرمی چیف (ر) جنرل راحیل شریف کی کردار کشی کے خلاف سکھر کی تاجر برادری نے سکھر اسمال ٹریڈرز کے صدر حاجی محمد جاوید میمن کی قیادت میں احتجاجی ریلی نکالی گئی اور پان منڈی گھنٹہ گھر پر احتجاجی مظاہرہ کیا ، مظاہرے میں عبدالستار راجپوت، شریف ڈاڈا، ڈاکٹر سعیدا عوان، منیر میمن، لالہ یاسر، صداقت خان، بابا جھنڈے شاہ دیگر تاجر برادری کے رہنماؤں کے علاوہ ایس ڈی اے کے رہنماؤں مولانا عبیداللہ بھٹو، دوا خان ،ڈاکٹر انیس الرحمن،اصلاح الدین، آغا محمد اکرم، توفیق بندھانی،عمیر میمن و دیگر نے بھی شرکت کی۔ مظاہرین نے ہاتھوں میں بینرز اٹھائے ہوئے تھے جن پر جنرل (ر) راحیل شریف کی کرداری کشی کے خلاف مذمتی تحریر درج تھیں اور مظاہرین پاک فوج اور (ر) جنرل راحیل شریف کے حق میں نعرے لگارہے تھے۔ ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے سکھر اسمال ٹریڈر زکے صدر حاجی محمد جاوید میمن نے کہا کہ جنرل راحیل شریف ایک بہادر اور دلیر جنرل تھے جنہوں نے آپریشن ضرب عضب کے ذریعے ملک بھر سے دہشتگردی اور بدامنی کے خلاف کارروائیاں کر کے پاکستان آرمی کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں بے پناہ اضافہ کیا اور انہوں نے بہترین منصوبہ بندی کی بدولت ملک کا دفاع ناقابل تسخیر بنایا، ایسے بہادر اور ملک کیلئے بے پناہ قربانیاں دینے والے جنرل اور پاک فوج کو تنقید کا نشانہ بنا کر ان کی کردار کشی کوئی بھی محب وطن پاکستانی برداشت نہیں کرسکتا،پاک فوج اور جنرل راحیل شریف کی کردار کشی کرنے والے ملک کے خیرخواہ نہیں ان کے خلاف سخت سے سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ آج سکھر کی تاجر برادری اپنی بہادر فوج اور سابق جنرل راحیل شریف سے اظہار یکجہتی کیلئے سڑکوں پر نکلے ہیں اور یہ عہد کرتے ہیں کہ ملک بھر کی تاجر برادری سمیت ہر شخص، بچہ، بوڑھا، جوان، اپنی بہادر فوج کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔
تازہ ترین