اسلام آباد(اے پی پی) وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار سے ترکش کورٹ آف اکاؤنٹس کے وفد نے نائب صدر فکرٹ کوکر کی قیادت میں ملاقات کی۔ آڈیٹر جنرل آف پاکستان رانا اسد امین بھی اس موقع پر موجود تھے۔ ملاقات میں ترکش کورٹ آف اکاؤنٹس اور آڈیٹر جنرل آف پاکستان کے درمیان تعاون بڑھانے سے متعلق مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ پاکستان ترکش کورٹ آف اکاؤنٹس اور آڈیٹر جنرل آف پاکستان کے درمیان قریبی تعاون کا خیرمقدم کرتا ہے جس سے دونوں ممالک میں آڈٹ کے طریقوں میں جدت لانے میں مدد ملے گی اور مالیاتی امور میں شفافیت کے ذریعے مجموعی گورننس میں بہتری آئے گی۔ اس موقع پر انہوں نے وفد کو پاکستان کی جانب سے اوپن گورنمنٹ پارٹنر شپ میں شمولیت کے ساتھ ساتھ ملک میں شفافیت کے فروغ اور بدعنوانی کے خاتمہ کیلئے حکومت کی جانب سے کئے گئے اقدامات کے بارے میں آگاہ کیا۔ ترک وفد کے سربراہ نے کہا کہ ان کے دورہ کا مقصد ترکش کورٹ آف اکاؤنٹس اور آڈیٹر جنرل آف پاکستان کے درمیان ایک ایم او یو کے تحت تعاون پر مبنی سرگرمیوں پر توجہ مرکوز کرنا ہے۔ اس سلسلہ میں انہوں نے اے جی پی آفس میں سینئر حکام کے ساتھ مفید تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے مشترکہ آڈٹ اور ماہرین کے تبادلے کی تجویز سے اتفاق کرتے ہوئے دونوں ممالک میں آڈٹ کے نظام کو اپ گریڈ کرنے میں مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ وزارت خزانہ اور آڈیٹر جنرل آف پاکستان آفس کے سینئر حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔