ملتان،بہاولپور(سٹاف رپورٹر،سٹی رپورٹر) ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن ملتان کے سالانہ انتخابات میں شیر زمان قریشی صدر اور صاحبزادہ ندیم فرید جنرل سیکرٹری منتخب ہوگئے،راناارشدبہاولپوربارکےجنرل سیکرٹری بن گئے۔الیکشن بورڈ کےجاری نتائج کے مطابق شیرزمان قریشی 2119 ووٹ لےکر کامیاب ہوگئے جبکہ مدمقابل امیدوار اورموجودہ ممبر پنجاب بارکونسل سید جعفرطیاربخاری نے 1692 ووٹ حاصل کئے،نائب صدر پربھی فیروزہ فیض خان 2131 ووٹ لے کرکامیاب قرار پائیں جبکہ مدمقابل امیدوارطاہر علی قریشی نے 1613 ووٹ حاصل کئے۔ جنرل سیکرٹری پرصاحبزادہ ندیم فرید نے1634 ووٹ حاصل کر کے کامیابی حاصل کی جبکہ ان کے مقابلےمیں چوہدری اشرف سندھونے 1296 ، شیخ محمد تنویرنے461 اورعبدالسلام علوی نے397 ووٹ حاصل کئے ہیں ، فنانس سیکرٹری کے عہدے پرمہرارشادارائیں نے 2433 ووٹ لے کر کامیابی حاصل کی،مقابل امیدوار محموداحمد انصاری نے 1230 ووٹ حاصل کئےجبکہ لائبریری سیکرٹری کیلئےعاصمہ جبیں خاں نے 2433 ووٹ لے کر کامیابی حاصل کی اور مدمقابل امیدوارشہلاشاہین ناصر نے 1332 ووٹ حاصل کئے نیزممبران مجلس عاملہ کی 7 نشستوں کے لئے محمد اسلم رائو، میاں طاہر اقبال، ملک محمد ظفر اقبال،فیض اللہ خان چنڑ،محمد رمضان بھٹی، رفیق احمد بھٹی اورملک صبغت الحسنین سپرا پہلے ہی بلامقابلہ منتخب ہوچکے ہیں ۔ کل ووٹرز 6023 تھے جن میں سے3837ووٹرز نے حق رائے دہی استعمال کیا، اس طرح ڈالےگئے ووٹوں کی شرح 63.70 فیصد رہی ہے ۔ نتا ئج کے اعلان ہوتے ہی کامیاب امیدواروں کو ان کے حامیوں نے کندھوں پر اٹھا لیا ،پھولوں کے ہار پہنائے، نعرےلگائے ،حامی سینئر وکلاء کو بھی کندھوں پر اٹھا لیا گیا ۔کامیاب ا میدواروں نے بار کی فلاح و بہبود اور ترقی کے لئے اقدامات کرنے کے عزم کا اظہار کیا ہے، نومنتخب صدرشیرزما ن قریشی نے خطاب کرتےہوئے کہا ہےکہ میری جیت نے جعلی چہرے بے نقاب کردئیے ہیں او ر منافقت کوہمیشہ کے لئے دفن کر دیاہے۔انھوں نے کہاکہ 10 سال سے لائن بناکرعہدے بانٹنے کی روایت اورمخصو ص ا لیکشن مافیاکے ٹو لے کا بھی خاتمہ ہوگیاہے،آج کالاکوٹ اپنے اصل احترام کی طرف روانہ ہوگااب ہرادارے کو کالے کوٹ کا احترام کرناہوگا ۔نومنتخب جنرل سیکرٹری صاحبزادہ ندیم فریدنے کہا کہ بار کے تمام انتظامی معاملات کومل جل کر چلانے کےساتھ بار کو مثالی بار بنائیں گے اور وکلا کی عزت و وقار میں اضافے کے لئے ہر اقدام کیاجائےگا۔راجن پور سےنمائندہ جنگ کےمطابق ہائیکورٹ ملتان بنچ کے الیکشن میں اس مرتبہ راجن پور کےصاحبزادہ ندیم فرید ایڈووکیٹ جنرل سیکرٹری کی سیٹ پر امیدوارہیں اس لئےراجن پور کے وکلاءکی بھاری تعدادنےووٹ ڈالے۔دریں اثناءہائیکورٹ بار بہاولپور کے انتخابات گزشتہ روز پرامن ماحول میں ہوئے۔ صدارت پر میاں نوازش پیرزادہ اور چوہدری نورحسن میں کانٹے دارمقابلہ ہوا رات گئے تک ووٹوں کی بار بار گنتی ہوتی رہی تاہم کوئی حتمی نتیجہ جاری نہ ہو سکا۔ جبکہ رانا راشد جاوید بھاری اکثریت سے جنرل سیکرٹری منتخب ہوگئے، ہائیکورٹ بار بہاولپور کے کل ووٹ 2892تھے ۔غیرحتمی نتائج کےمطابق صدرپرچوہدری نورحسین نے1018جبکہ نوازش پیرزادہ نے1017ووٹ لئے،تاہم رات 11 بجے تک ووٹوں کی چوتھی بار گنتی جاری تھی ۔ اس سیٹ پر نتیجہ جاری نہیں ہوسکا،جبکہ جنرل سیکرٹری پررانا راشد جاوید نے1253اورانکےمقابل فرحان مسعود نے796ووٹ حاصل کئے۔ یاد رہے ہائی کورٹ بہاول پور بنچ بار ایسوسی ایشن کے انتخابات میں بلامقابلہ منتخب ہو نے والوں میں سینئر نائب صدر ثمینہ قریشی،نائب صدر بہاول نگر ملک اصغر اعوان،نائب صدر رحیم یار خان منیر احمد چوہدری،جوائٹ سیکرٹری کلیم اللہ ہاشمی،فنانس سیکرٹری خواجہ غلام مرتضی،لائبرئری سیکرٹری حافظ اصغر بھٹی ایگزٹیو ممبران میں خواجہ محمد طاہر قیوم، محمد اقبال لاشاری،چوہدری عمر محمود،محمد طاہر بشیر،ارمان انجم،سید شاکر بخاری،سید اشفاق حسین بخاری،فیاض احمد،رئیس عبدالقیوم شامل ہیں۔