• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

خورشید شاہ کا اسپتال کا دورہ،گارڈ کا مریض پر تشدد،کپڑے پھاڑ دیئے

سکھر (بیورو رپورٹ)قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید احمد شاہ کے دورہ سول اسپتال سکھر کے موقع پر اسپتال کے گارڈ اور مریض کے ورثاء میں تلخ کلامی ہوگئی، شاہ خالد کالونی کا رہائشی مجاہد شیخ اپنے دیگر عزیزوں کے ہمراہ اسپتال کے میل وارڈ میں جانا چاہتا تھا اسپتال کے گیٹ پر گارڈ نے مذکورہ شخص کو روکا تو دونوں کے درمیان تلخ کلامی ہوگئی اور مبینہ طور پر گارڈ نے مریض کو تشدد کا نشانہ بنایا اور اس کے کپڑے بھی پھاڑ دیئے اور موقع پر موجود میڈیا کے کیمرامینز کے ساتھ بھی گارڈ نے ناروا سلوک اختیار کیا، سید خورشید احمد شاہ اس وقت نئی نصب کی جانے والی سٹی اسکین مشین کے روم کا دورہ کررہے تھے جب وہ باہر نکلے تو متاثرہ شخص نے سید خورشید احمد شاہ کو گارڈ کی شکایت کی اور وہاں موجود میڈیا کے نمائندوں نے بھی مذکورہ گارڈ کی ذیادتی کے حوالے سے سید خورشید احمد شاہ کو بتایا جس پر سید خورشید احمد شاہ نے سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ایم ایس سول اسپتال ڈاکٹر ابوبکر شیخ کو ہدایت کی کہ اگر گارڈ نے ذیادتی کی ہے تو اس کے خلاف فوری کارروائی کی جائے ، اسپتال میں آنے والے مریضوں اور ان کے ورثاء کو سہولیات کی فراہمی اسپتال انتظامیہ کی ذمہ داری ہے اس حوالے سے کسی قسم کی غفلت کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔واضح رہے کہ قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید احمد شاہ غلام محمد مہر میڈیکل کالج کی ٹیچنگ اسپتال سول اسپتال کو اپ گریڈ کرنے اور مریضوں کو جدید طبی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے جب بھی سکھر آتے ہیں تو سول اسپتال کا دورہ ضرور کرتے ہیں، دورے کے دوران وہ مختلف وارڈ زمیں جا کر مریضوں سے ملاقاتیں کرتے ہیں اور انہیں ملنے والی سہولیات کے حوالے سے بھی معلومات حاصل کرتے ہیں۔ سید خورشید احمد شاہ نے متعدد مرتبہ مریضوں کی شکایت پر اسپتال انتظامیہ کی سرزنش بھی کی ہے۔
تازہ ترین