• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چینی تاجر گوادر فری زون میں صنعتی یونٹس قائم کریں،ثاقب مگوں

کراچی (اسٹاف رپورٹر) فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نائب صدر اور چیئرمین انڈینٹرز ایسوسی ایشن آف پاکستان ثاقب فیاض مگوں نے چینی تاجروں کو پاکستان میں جوائنٹ وینچر اور سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہوئے منافع بخش کاروبار کے لیے پاکستان کو پرکشش قرار دیا ہے۔چین کے دورے کے موقع پر انہوں نے چائنا ڈائی اسٹف مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے چیئرمین شی ژیانگ پنگ اور دیگر عہداروں سے ملاقات میں پاکستان میں دستیاب سرمایہ کاری کے بے پناہ مواقع کے بارے میں تفصیل سے روشنی ڈالی۔ثاقب فیاض مگوں نے چینی تاجروں کے ساتھ اجلاس میں کہاکہ چائنا پاکستان اقتصادی راہدری( سی پیک) منصوبہ پورے خطے لیے خوشحالی کی ضمانت بن گیا ہے۔ چین سمیت کئی ممالک اس منصبوے میں شراکت داری کر رہے ہیں جبکہ کئی دیگر ممالک بھی سی پیک کا حصہ بننے کے خواہش مند ہیں۔انہوں نے کہاکہ حکومتِ پاکستان نے غیرملکی  سرمایہ کاروں کو ٹیکسوں میں چھوٹ دینے سمیت ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کے اقدامات کیے ہیں۔چینی تاجر سی پیک کے تناظر میں گوادر فری زون میں اپنے صنعتی یونٹس قائم کریں جہاں انہیں انفرااسٹرکچر کی تمام سہولتوں کے دستیاب ہونے کے ساتھ ساتھ صنعتی پیداواری سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لیے ٹیکس فری خام مال درآمد کرنے کی سہولت بھی فراہم کی گئی ہے جو یقینی طور پرغیرسرمایہ کاروں کو راغب کرنے کے لیے ایک اچھا اقدام ہے لہٰذا چینی تاجروں کو حکومتِ پاکستان کی پیشکش سے فائدہ اٹھانا چاہیے۔انہوں نے چینی تاجروں کو فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری  کے بھرپور تعاون کی پیشکش کرتے ہوئے کہاکہ ایف پی سی سی آئی چینی تاجروں کو سرمایہ کاری وجوائنٹ وینچرز کے لیے موزوں پارٹنر کی تلاش میں مدد دینے اور انہیں سرمایہ کاری پالیسی سے آگاہی فراہم کرنے کے لیے تیار ہے تاکہ وہ بلا کسی رکاوٹ پاکستان میں منافع بخش کاروبار کر سکیں۔ثاقب فیاض مگوں نے چین کے دورے کے موقع پر ڈائی اسٹف اینڈ کیمیکلز کی نمائش’’ انٹر ڈائی فیئر‘‘ میں بھی شرکت کی اور مختلف اسٹالز کا دورہ کرتے ہوئے صنعتی خام مال سے متعلق معلومات حاصل کیں ۔
تازہ ترین