راولپنڈی (نمائندہ جنگ) معلوم ہوا ہے کہ وزیراعلٰی پنجاب کی ہدایت پر صوبے کے چھ بڑے شہروں میں کام کرنے والی سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کمپنیوں کو ان شہروں کے میئرز کے ماتحت کر دیا گیا ہے اب راولپنڈی کے میئر سردار نسیم خان راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے چیئرمین ہونگے، راولپنڈی سمیت صوبے کے چھ بڑے شہروں فیصل آباد، ملتان، سیالکوٹ، بہاولپور اور گوجرانوالہ میں ویسٹ مینجمنٹ کمپنیاں کام کر رہی تھیں جن کے معاملات کی نگرانی چیئرمین کی زیرقیادت بورڈ آف ڈائریکٹرز کے سپرد تھی لیکن نیا بلدیاتی نظام آنے کے بعد یہ بورڈز تحلیل کر دیئے گئے، اب معلوم ہوا ہے کہ گزشتہ روز وزیراعلٰی پنجاب کی ہدایت پر جاری ہونے والے نوٹیفکیشن کے مطابق میئر راولپنڈی سردار محمد نسیم خان راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے چیئرمین ہونگے جبکہ ممبران میں ڈپٹی میئر، ڈپٹی کمشنر راولپنڈی، سابق چیف انجینئر سی اینڈ ڈبلیو عباس خان، سابق ڈسٹرکٹ اکائونٹس آفیسر محمد خورشید خان، اسسٹنٹ پروفیسر انوائرمنٹ فاطمہ جناح یونیورسٹی ڈاکٹر ریحانہ، اسسٹنٹ پروفیسر فائونڈیشن یونیورسٹی اسلام آباد ڈاکٹر شگفتہ اختر اور ایم ڈی سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے علاوہ محکمہ فنانس اور پی اینڈ ڈی کا ایک ایک نمائندہ اس کا ممبر ہوگا۔