میں اُن تمام پاکستانی طلباو طالبات کو مبارک باد پیش کرناچاہتا ہوں جنہیں امریکہ میں اعلیٰ تعلیم کے 4500سے زیادہ مستند اداروں میں سے ایک میں داخلے کی پیشکش موصول ہوئی ہے۔ امریکی یونیورسٹیوں سے فارغ التحصیل ہونے والوں بشمول بہت سےکامیاب پاکستانی طالبعلموں نے دنیا بھر کے مختلف شعبوں میں قائدانہ کرداراداکیا ہے اور جدت واختراعات میں حصہ لیا ہے۔ آپ کو نوجوانوں کے اس خصوصی اور چُنیدہ افراد میں شمولیت کی دعوت ملنے پر فخر ہونا چاہئے جن کی زندگی امریکی تعلیمی اداروں کی کشادگی اور معیار کی بدولت ہمیشہ کے لئے تبدیل ہو جائے گی۔
داخلے کی یہ پیشکش درخواست دینے والے طلبا اور یونیورسٹیوں کے سوچے سمجھےفیصلوں اور بھرپور محنت کا نتیجہ ہے جو اِن درخواستوں کا کڑا جائزہ لیتی ہیں۔ ہمیں آپ کی جانب سے مضامین پر صرف کی گئی توانائی اور امتحانات کی تیاری کے لئے کڑی محنت اور سماجی خدمات و غیرنصابی سرگرمیوں کے حوالے سے اپنی ذمہ داریوں کا ادراک ہے۔ اس وقت امریکہ کے اعلیٰ تعلیمی اداروں میں دس لاکھ سے زیادہ غیرملکی طلبا زیرتعلیم ہیں جن کی بدولت امریکہ طویل عرصے سے دنیا میں عالمی طلبا کی میزبانی کے حوالے سے سرِفہرست ہے۔2015-16ءکے تعلیمی سال سے متعلق اعدادوشمار کا جائزہ لیا جائے تو یہ اندازہ ہوتا ہے کہ امریکہ میں زیرتعلیم پاکستانی طلبا وطالبات کی تعداد میں 14.7فیصد اضافہ ہوا ہے۔ ہماری یونیورسٹیوں اور کالجوں میں اس وقت 6141 پاکستانی طلبا زیرتعلیم ہیں اور ہمیں فخر ہے کہ گزشتہ پانچ برسوں میں یہ سب سے بڑی تعدادہے ۔ اس میں انڈر گریجویٹ اور گریجویٹ سطح کے اداروں میں زیر تعلیم اور اختیاری عملی تربیت پانے والےطلبا بھی شامل ہیں۔ یہ غیرملکی طلبا اور اُن کے اہلخانہ کی نظروں میں امریکہ میں اعلیٰ تعلیم کے بے مثل معیار کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
متنوع پس منظر سے تعلق رکھنے والے غیرملکی طلبا امریکہ اور دنیا بھر کے ممالک میں تعلق کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں اور اُن کی بدولت لوگوں اور معاشروں میں ایسے تعلقات پروان چڑھتے ہیں جو عالمگیر مسائل کے حل کے لئے ضروری ہیں، ہم اس شمولیت کی انتہائی قدر کرتے ہیں اور امریکہ بھر کے تعلیمی اداروں میں متنوع نسلی، علاقائی، مذہبی اور جغرافیائی پس منظر کے حامل طلبا کی موجودگی کے حامی ہیں۔ امریکی طلبا دنیا بھر سے آئے ہوئے طلبا کے پیش کردہ منفرد اور متنوع تناظر سے مستفید ہوتے ہیں جس سے اُن کے نکتہ ہائے نظر کو وسعت ملتی ہے اور یوں ہم سب کو باہم مربوط دنیا میں مشترکہ اور کامیاب مستقبل کی تعمیر میں مدد ملتی ہے۔ امریکی کالج اور یونیورسٹیاں اپنے تمام طلباو طالبات کو محفوظ اور متواضع ماحول مہیا کرنے میں فخر محسوس کرتی ہیں اور میں اِس پر زور دینا چاہتا ہوں کہ آپ کو امریکہ میں خوش آمدید کہاجائے۔ بہت سی یونیورسٹیوں نے #YouAreWelcomeHere نامی مہم کے ذریعے مشترکہ طور پر دنیا بھر میں طلبہ کو مخصوص اور براہ راست پیغام دینا شروع کیا ہے۔ میں آپ کو امریکہ میں خوش آمدید کہنے کے لئے اُن کے ساتھ ہوں، جہاں ہمارے کالج اور یونیورسٹیاں آپ کو اپنی زندگی اور کیریئر کے اہداف کی تکمیل کے لئے قابل قدر تعلیمی مواقع پیش کرتی ہیں۔
اسلام آباد میں امریکی سفارت خانہ نیز کراچی اور لاہور میں قائم قونصل خانوں کے قونصلر افسر اور دنیا بھر میں موجود امریکی سفارت خانوں اور قونصل خانوں میں قونصلر حکام تعلیمی ویزے کی درخواستوں اور ویزے کے حصول کے حوالے سے معلومات فراہم کرنے کے لئے تندہی سے کام کر رہے ہیں۔ یہ معلومات https://travel.state.gov/content/visas/en.html
یا https://pk.usembassy.gov پر دستیاب ہیں۔ تعلیمی حوالے سے امریکی مشیر امریکہ میں حصول تعلیم سے متعلق سوالات کا جواب دینے کے لئے مستعد رہتے ہیں اور آپ educationusa.state.gov پر ایسےمشیر تلاش کر سکتے ہیں۔
جنہیں یہ پیشکش موصول ہوئی ہے، وہ اس نادر موقع سے فائدہ ضرور اٹھائیں اور امریکہ میں اعلیٰ تعلیم کے حصول کی منفرد خوبی کا مشاہدہ کریں۔
.