• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سکھر،عیدالفطر کی آمد کےباوجود صفائی کی صورتحال ابتر، نکاسی آب کا نظام مفلوج

سکھر (بیورو رپورٹ) ضلعی و میونسپل کارپوریشن انتظامیہ کی جانب سے عید الفطر کی آمد نزدیک آنے کے باوجود شہر میں صفائی و ستھرائی کی ابتر صورتحال کو بہتر بنانے کیلئے کسی بھی قسم کے اقدامات نہیں کیے جاسکے۔ اہم کاروباری مراکز اور گنجان آبادی والے علاقوں میں گند و کچرے کے ڈھیر وں اور نکاسی نظام مفلوج رہنے سے شہریوں و تاجروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ سکھر کے اہم کاروباری علاقوں نشتر روڈ، میانی روڈ، مارچ بازار، میڈیسن مارکیٹ، لیاقت چوک، نمک بازار، اناج بازار، گھنٹہ گھر چوک، بیراج روڈ، مہران مرکز، پان منڈی میں سیوریج کا نظام تباہ حال رہنے کی وجہ سے گٹر و نالیاں بند رہنا روز کا معمول بنا ہوا ہے جس کے نتیجے میں سیوریج کا پانی سڑکوں پر جمع ہوجاتا ہے، جس کی وجہ سے ایک جانب خریداری کے لئے آنیوالے افراد کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا تو دوسری جانب دکانداروں کو بھی کاروباری سرگرمیاں جاری رکھنے میں دشواری پیش آرہی ہے، عیدالفطر کی آمد کے موقع پر شہر کے اہم ترین کاروباری مراکز میں شہر و بیرون شہر سے خریداروں کی بڑی تعداد مارکیٹوں کا رخ کررہی ہے مگر انتظامیہ کی عدم توجہی و لاپرواہی کے سبب سیوریج کے تباہ حال نظام کو بہتر بنانے کے لئے کسی بھی قسم کے اقدامات نہیں کیے جارہے ہیں۔ میونسپل کارپوریشن سکھر کے مےئر بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ کی جانب سے مفلوج نکاسی آب کے نظام کو بہتر بنانے کے لئے وقتاً فوقتاً بلند و بانگ دعوے تو کیے گئے ہیں مگر عملی اقدامات نہ ہونے کے باعث صورتحال دن بدن بہتر ہونے کے بجائے مزید خراب ہوتی جارہی ہے۔ مےئر سکھر خود اس بات کا اعتراف کرچکے ہیں کہ شہر کا نکاسی آب کا نظام مکمل طور پر مفلوج ہے، اگر تیز بارشیں ہوئیں تو شہر ڈوب جائیگا، حکومت کو اس حوالے سے سنجیدگی کا مظاہرہ کرنا چاہیے مگر میئر کے اعتراف کے باوجود بھی حکومت اور انتظامیہ شہر کے مفلوج نکاسی آب کے نظام کی درستی کے لئے موثر اقدامات نہیں کررہی ہے۔ دوسری جانب گنجان آبادی والے علاقوں پرانا سکھر، ریجنٹ سنیما، نیوپنڈ، نواں گوٹھ، بھوسہ لائن، مائکرو کالونی و دیگر میں گند و کچرے کے ڈھیر لگے ہوئے ہیں، جن سے اٹھنے والے تعفن اور بدبو سے علاقہ مکینوں کی زندگیاں اجیرن ہوگئی ہیں۔ انتظامیہ کی جانب سے عید الفطر کی آمد نزدیک آنے کے باوجود اہم تجارتی مراکز و رہائشی علاقوں میں صفائی کی ابتر صورتحال اور مفلوج نکاسی نظام کی بہتری کے لئے انتظامات نہ کرنے سے شہریوں، دکانداروں اور خریداروں میں شدید غم و غصہ پھیل رہا ہے۔ شہریوں و دکانداروں کا کہنا ہے کہ شہر میں طویل عرصے سے سیوریج کا نظام تباہ حال ہے مگر افسوس کہ انتظامیہ اسے بہتر بنانے کے لئے کوئی اقدامات نہیں کررہی ہے، میئر سکھر بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ شہری مسائل کے حل کے لئے اعلانات تو کرتے ہیں مگر ان کے اعلانات پر عملدرآمد نہیں کیا جاتا، ایسا لگتا ہے کہ وہ خود بھی بے بس ہے، انہیں ایسے اعلانات کرنے سے گریز کرنا چاہیے جس پر وہ عملدرآمد نہیں کراسکے، سکھر کے کاروباری علاقوں میں یومیہ کروڑوں روپے کی خرید و فروخت ہورہی ہے، عید کی آمد کے ساتھ ہی کاروباری سرگرمیاں عروج پر پہنچ چکی ہیں مگر صفائی کی ابتر صورتحال اور سیوریج کا پانی سڑکوں پر جمع رہنے سے ہمیں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ انہوں نے کمشنر سکھر ڈویژن محمد عباس بلوچ و دیگر بالا حکام سے اپیل کی کہ نوٹس لیکر سیوریج کے تباہ حال نظام کی بہتری کے لئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کیے جائیں اور گنجان آباد ی والے علاقوں میں جمع گند و کچرے کے ڈھیر بھی صاف کروائے جائیں۔

تازہ ترین