• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سکھر، طویل لوڈشیڈنگ سے عوام کو عید کی تیاریوں میں مشکلات کا سامنا، دورانیہ 20 گھنٹے تک جاپہنچا

سکھر +شاہ پور چاکر (بیورو رپورٹ+ نامہ نگاران) سیپکو انتظامیہ کی جانب سے شہر و گرد و نواح  میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کے دورانیہ میں کمی نہ کی جاسکی۔ شہری علاقوں میں 14سے 16اور دیہی علاقوں میں 18سے 20گھنٹے کی لوڈشیڈنگ نے شہریوں کو مشکلات سے دوچار کررکھا ہے۔ گنجان آبادی والے علاقوں پرانا سکھر، شالیمار روڈ، ریجنٹ سنیما، والس روڈ، کوئنس روڈ، ٹکر محلہ، نیوپنڈ، بھوسہ لائن، نواں گوٹھ، آدم شاہ کالونی، نمائش، مائکرو کالونی و دیگر میں بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ سے نظام زندگی بری طرح متاثر ہورہا ہے اور شہریوں کو عید کی تیاریوں کے سلسلے میں مشکلات سے دوچار ہونا پڑرہا ہے، بالخصوص خواتین کو امور خانہ داری کی انجام دہی، عید کے کپڑوں کی سلائی سمیت دیگر تیاریاں مکمل کرنے میں دشوار کن صورتحال سے نبرد آزما ہونا پڑرہا ہے۔ دوسری جانب شہر کے متعدد علاقے خراب ٹرانسفارمرز درست نہ کیے جانے کے باعث کئی دن سے بجلی سپلائی سے محروم ہے، شہری ٹرانسفارمر کی درستی کے لئے سیپکو افسران کے دفاتر کے چکر لگانے پر مجبور ہیں۔ پریشان حال شہریوں کا کہنا ہے کہ کئی دن گزر گئے ہیں ہمارے علاقے کے خراب ٹرانسفارمرز درست نہیں کیے جارہے ہیں، عید کی آمد نزدیک آگئی ہے مگر ہم لوگوں کو بجلی سپلائی نہیں کی جارہی ہے۔ انہوں نے سیپکو کے بالا حکام سے اپیل کی کہ نوٹس لیکر خراب ٹرانسفارمر فوری طور پر درست کرواکر بجلی کی سپلائی بحال کی جائے تاکہ ہماری مشکلات میں کمی واقع ہوسکے۔  شاہپور چاکر اور گردونواح میں ماہ صیام کے آخری عشرے میں شدید گرمی کے دروان حیسکو سب ڈویژن شاہپورچاکر کی جانب سے چار گھنٹے کا شیڈول جاری  کر کے  12گھنٹے کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے جس سے اہالیان شہر شدید تکلیف کا شکار ہیں جبکہ عید قریب ہونے کی وجہ سے کاروباری حضرات خصوصاً درزی شدید پریشان ہیں اس کے علاوہ شہریوں نے بتایا کہ بجلی نہ ہونے کے باوجود ہزاروں روپے کے اوورریڈنگ اور ڈیڈکشن بلز کے باعث صارفین ذہنی اذیت کا شکار ہیں۔ سیاسی و سماجی تنظیموں کے رہنماوں نے حیسکو کے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ صارفین کی شکایات کا فوری ازالہ کیا جائے۔ گھارو ضلع ٹھٹھہ کے ساحلی علاقوں میں  5 روز سے بجلی کی فراہمی معطل رہنے سے کاروبار زندگی معطل ہو کر رہ گیا ہے۔ بجلی کی بندش کے بعد پانی کا بحران شدت اختیار کر گیا ہے اور مساجد میں وضو کے لیے بھی پانی دستیاب نہیں  ہے جس کے باعث نمازیوں کو شدید دشواریوں کا سامناہے۔
تازہ ترین