ڈیرہ غازیخان(نامہ نگار)سابق گورنر پنجاب و سینیٹر سردار ذوالفقار علی خان کھوسہ نے کہاہے کہ موجودہ حکمرانوں کی ناقص پالیسیوں کی وجہ سے ملک بحران کا شکار ہے، پورے ملک میں شاہ سے زیادہ شاہ کے وفاداروں نے حکومت کا تختہ تابوت کر دیا ہے۔ ملک میں کرپشن، بدامنی ،لوڈ شیڈنگ اور اقربا پروری کی وجہ سے غریب عوام شدید پریشانی کے عالم میں زندگی گزار رہے ہیں آئندہ الیکشن میں سوچ سمجھ کر فیصلہ کریں گے اور عوام کی بہتری کیلئے اپنی خدمات جاری رکھیں گے ان خیالات کا اظہارانہوں نے یوسی کھاکھی میں سیاسی سماجی رہنما حاجی غلام حسین ملیہا کے افطار ڈنر کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ آج ملک ایک مخلص قیادت اور نڈر حکمرانوں کا انتظار کر رہا ہے۔ جس کیلئے ہم اپنے دوستوں اور ہمدردوں کو ساتھ ملا کر لائحہ عمل تیار کر رہے ہیں سردار سیف الدین خان کھوسہ نے اپنے بیان میں کہا کہ آج ڈیرہ غازیخان کے لوگ کسی غریب پرور اور عوام دوست کا انتظار کر رہے ہیں جس کی کمی ہم پوری کریں گے ۔اس موقع پر ملک صلاح الدین ڈوگر، ملک اللہ بخش بھپلا، ملک غلام فرید سیہڑ، ملک گل محمد سیہڑ، محمد اقبال پٹھان ودیگر موجود تھے۔