• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اندرون و بیرون ملک ہمارے دشمنوں کی تعداد بڑھ رہی ہے، پرویز مشرف

اسلام آباد (نمائندہ جنگ) آل پاکستان مسلم لیگ کے چیئرمین پرویز مشرف نے کہا ہے کہ حکمران ملک کو تیزی سے تباہی کی جانب لے کر جا رہے ہیں‘ ان کا بروقت توڑ نہ کیا گیا تو نتائج آنے والی نسلوں کو بھگتنا پڑیں گے۔ اندرون و بیرون ملک ہمارے دشمنوں کی تعداد تیزی سے بڑھ رہی ہے۔ حزب اختلاف کی جماعتوں کا اتحاد وقت کی سب سے اہم ضرورت ہے۔ جلد ہم خیال جماعتوں اور شخصیات کو ساتھ ملا کر ایک مضبوط سیاسی اتحاد کا اعلان کیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو پارٹی سیکرٹری جنرل ڈاکٹر محمد امجد سے ٹیلی فونک گفتگو میں کیا۔ قبل ازیں سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا اور متحدہ وحدت المسلمین کے سربراہ علامہ ناصر شیرازی سے اے پی ایم ایل کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر محمد امجد نے راجہ ناصر عباس کی رہائشگاہ پر ملاقات کی۔ ملاقات میں حزب اختلاف کی ہم خیال جماعتوں کے بڑے اتحاد کے حوالے سے گفتگو ہوئی۔ بعد ازاں ملاقات میں کئے گئے فیصلوں سے متعلق ڈاکٹر محمد امجد نے پارٹی سربراہ پرویز مشرف کو آگاہ کیا۔ اس موقع پر پرویز مشرف نے کہا کہ ملک کو معاشی طور پر تباہ کیا جارہا ہے۔ اندرون و بیرون ملک ہمارے دشمنوں کی تعداد تیزی سے بڑھ رہی ہے جبکہ ہمارے دوستوں کی تعداد میں تیزی سے کمی آ رہی ہے۔ یہ سب نااہل حکمرانوں کی ناقص پالیسیوں کا نتیجہ ہے۔ واضح رہے کہ پرویز مشرف نے ڈاکٹر محمد امجد کو مختلف سیاسی جماعتوں اور شخصیات سے ملاقاتیں کرکے انہیں اپنا ہم خیال بنانے کا ٹاسک دے رکھا ہے۔

تازہ ترین