گجرات(نمائندہ جنگ)ڈی سی محمد علی رندھاوا نے ہدایت کی ہے کہ ریسکیو و ریلیف سے متعلقہ ادارے کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئےتیاررہیں، افسران و جوانوں کی تربیت کیساتھ دستیاب مشینی وسائل کو بھی آپریشنل رکھا جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جی ٹی روڈ پر احمد پور شرقیہ کی طرز پر حادثہ کی صورت میں ریسکیو ادارو ں کی مشقوں، ریسکیو سنٹر میں موجود ہ فلڈ ریلیف آلات اور نالہ بھمبر کے حفاظی بندوں کے معائنہ کے موقع پر کیا،ایم پی اے میجر (ر) معین نواز بھی انکے ہمراہ تھے۔ جی ٹی روڈ پر جیلیانی کے قریب آئل ٹینکر الٹنے کی صورت میں ریسکیو و ریلیف کیلئے تیاری کا جائزہ لینے کیلئے مشقوں کے دوران پولیس، ریسکیو 1122نے جائے حادثہ پرپہنچ کر جائے وقوعہ کو محفوظ بنانے،ٹریفک متبادل راستے پر چلانے اور عام لوگوں کو جائے وقوعہ سے دور رکھنے کیلئے تیاریوں کا عملی مظاہرہ کیا۔ بعد ازاں انہوں نے ریسکیو سنٹر نزد سروس موڑ میں فلڈ ریلیف آلات بشمول کشتیوں، انکے انجنوں، لائف جیکٹس، ڈی واٹر سیٹو ں کی فزیکل چیکنگ کی۔