سکھر میں محکمہ آبپاشی نے پولیس کی مدد سے تجاوزات کے خلاف ہیوی مشینری سے آپریشن کرکے 50 گھر اور دکانوں کو مسمار کردیا، پولیس اہلکارسامان نہر میں پھینکتے رہے۔
مشتعل مظاہرین کی جانب سے مشینری پر پتھراو کی وجہ سے آپریشن کو 3 روز کےلیےملتوی کردیا گیا۔
سکھر بیراج سے نکلنے والی3 نہروں دادوکینال، کیرتھر اور رائس کینال کے کناروں پر قائم تجاوزات کے خلاف محکمہ آبپاشی کی جانب سے آٹھویں روز بھی پولیس اور ہیوی مشینری کی مدد سے آپریشن کیا گیا۔
کارروائی کے دوران اہلکاروں نے 50 سے زائد دکانیں اور گھر گرا دیے، مشتعل مظاہرین نے آپریشن نہ روکنے پر مشینری پر پتھراوبھی کیا۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ تجاوزات کے خلاف 3 روز کے لیے آپریشن ملتوی کیا ہے، قابضین کو ہر صورت میں ہٹایا جائے گا۔
دوسری جانب متاثرین کا کہنا ہے کہ وہ گزشتہ 20 سالوں سے نہروں کے کناروں پر رہائش پذیر ہیں متبادل گھر دیئے بغیر کاروائی کی جا رہی ہے۔