امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق کا کہنا ہے کہ نوازشریف جتنا شور مچا لیں احتساب سے نہیں بچ پائیں گے، پاناما لیکس میں 436 افراد کے نام ہیں سب کا حساب ہو گا، میری لڑائی نواز شریف سے نہیں کرپشن سے ہے،ہیں، 14 اگست کو قبائلی علاقوں کو خیبرپختونخوا میں ضم کرنے کا اعلان کیا جائے۔
امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے راولپنڈی میں پختون جرگہ سے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ بعض لوگوں کی لڑائی نواز شریف سے ہو گی مگروہ اب نا اہل ہو چکے آپ رو رہے ہیں رونے سے مسائل حل نہیں ہوں گے، آپ حکومت ہیں رونا آپ کا کام نہیں رونا تو اپوزیشن کا کام ہے، آئین میں سب کےحقوق برابرہیں تو فاٹا کو علاقہ غیر کیوں کہا جاتا ہے، ڈرون حملہ بھی ہو تو علاقہ غیر پر حملے کی اصطلاح استعمال کی جاتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ انگریز کے قانون کو نہیں مانتے،بارڈر کے آخری حصے تک بجلی پہنچائی جائے سڑکیں بنائی جائیں، بچوں کے ہاتھ میں قلم دیا جائے نوجوانوں کو روشن مستقبل دیا جائے، آئی ڈی پیز کو عزت و وقار کے ساتھ رخصت کیا جائے، بلاک کیے گئے تمام شناختی کارڈ وعدے کے مطابق جاری نہیں کیے گئے، قبائلی عوام کے صبر کا پیمانہ لبریز ہوا تو طوفان نہیں رکے گا، حکومت میں بیٹھے لوگ کرپشن میں ملوث ہیں اس لیے ہر ادارے میں کرپشن ہے۔
سراج الحق کا کہنا ہے کہ خیبر ایجنسی، وزیرستان و دیگر علاقوں میں بہنے والے خون کی کوئی وقعت نہیں؟ عظیم پاکستان بنانے کے لیے فاٹا کو خیبرپختونخوا میں ضم کرنا ہو گا، فاٹا والوں کا مطالبہ ہے کہ اسلام آباد والوں جیسی حیثیت دی جائے، کرپشن کی وجہ سے جمہوریت اور سیاست بدنام ہو چکی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس ملک میں الیکشن بھی اغوا کیاجاتا ہے جمہوریت یرغمال ہے، نواز شریف نے پارلیمنٹ پر اعتماد نہیں کیا، میاں صاحب بتائیں سازش کون کر رہا ہے؟ میاں صاحب کے خلاف ہمارے سامنے سازش ثابت ہوئی تو ساتھ دیں گے، جلسے جلوس کرنا سب کا حق ہے، عدالتوں کی توہین کی اجازت نہیں دیں گے۔