راولپنڈی ،اسلام آباد (نمائندہ جنگ)امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ ریلی سیاسی پارٹیوں کا حق ہے لیکن عدالتوں پرچڑھائی کی اجازت نہیں ہے ،شورمچانے اورہراساں کرنے سے احتساب عدالتیں بندنہیں ہوں گی ، نوازشریف کی ناہلی آغازہے ،ہم436لوگوں کا احتساب چاہتے ہیں۔ سپریم کورٹ دولت لوٹ کرباہرمنتقل کرنے والوں کوکٹہرے میں لائے ،ہماری لڑائی نوازشریف نہیں کرپشن کے ساتھ ہے ، بعض لوگوں کا مسئلہ نوازشریف ہے لیکن ہمارامسئلہ احتساب ہے ،ایک طویل عدالتی کاروائی اورجے آئی ٹی رپورٹ کے بعد نوازشریف کی نااہلی ہوئی ان کیخلاف سازش نہیں ہوئی، 14اگست کوایف سی آرکاخاتمہ اورفاٹا کوخیبرمیں ضم کیا جائے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے راولپنڈی میں پختون جرگہ سے خطاب کرتے ہو ئے کیا۔
انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کی بد ا عما لیوں کے باعث ملک میں خطرات بڑھ گئے ہیں ۔ کیا فاٹا میں بہنے والا خون پاکستانی خون نہیں ہے ؟،قبائلیوں کوسینے سے لگانے کی بجائے دورکرناخطرنا ک ہے ۔ خیبراورفاٹا کے عوام کیلئے الگ قوانین کیوں ہیں ،قبائلی عوام اسلام آباداوردیگرپاکستانیوں کے حقوق چاہتے ہیں۔دریں اثناامیر جماعت اسلامی نے سعودی سفارتخانے کا دورہ کیا اور پاکستان میں تعینات ہونے والے سعودی عرب کے نئے سفیر نواف بن سعید المالکی کو ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے ان کے لئے نیک تمنائو ں کااظہار کیا ،اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب باہمی اتحاد ویکجہتی سے خطے میں قائدانہ کردار ادا کرسکتے ہیں جبکہ سعودی سفیر نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب یک جان دو قالب ہیں۔ اور یہ دو طرفہ دوستی ہر آزمائش پر پوری اتری ہے۔