• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سکھر : تنخواہوں میں کٹوتی کیخلاف ضلع کونسل کے ملازمین کا احتجاجی دھرنا

سکھر (بیورو رپورٹ) ضلع کونسل کے ملازمین کی جانب سے تنخواہیں بند کرکے کٹوتی کرنے اور ریٹائرڈ ملازمین کو ریٹائرمنٹ کی رقم نہ دینے سمیت اکاؤنٹس آفیسر کی زیادتیوں کیخلاف دفاتر کی تالابندی کر کے ضلع کونسل کے مین گیٹ کے سامنے احتجاجی دھرنا دیا گیا۔ مظاہرین تنخواہوں کی عدم ادائیگی کے خلاف نعرے بازی کررہے تھے۔ مظاہرے کی قیادت عبدالمجید جسکانی نے کی۔

مظاہرین نے ہاتھوں میں بینر اور پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جن پر حکومت، وزارت فنانس اور وزارت بلدیات کے خلاف نعرے درج تھے۔ مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ اکاؤنٹس افسران بلاجواز ملازمین کو تنگ و پریشان کررہے ہیں، ملازمین کے ساتھ مسلسل زیادتیاں بڑھتی جارہی ہیں، من پسند ملازمین کو تنخواہیں دی جارہی ہیں جبکہ کام کرنیوالے ملازمین کی تنخواہیں بند کرکے ان کی تنخواہوں میں سے بلاجواز کٹوتی کی جارہی ہے جبکہ ضلع کونسل کے اکاؤنٹ میں رقم موجود ہونے کے باوجود ریٹائرڈ ملازمین کو ریٹائرمنٹ کی رقم بھی نہیں دی جارہی ہے۔ انہوں نے بالا حکام سے اپیل کی کہ اکاؤنٹس آفیسر کی زیادتیوں کا نوٹس لیکر فوری طور پر برطرف کیا جائے تاکہ ملازمین میں پائی جانیوالی بے چینی کا خاتمہ ہوسکے۔ 

تازہ ترین