اسلام آباد (نمائندہ جنگ / نیوز ایجنسیز) وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال نےکہا ہےکہ دہشت گردی کو ختم کرنے سے متعلق ہمارا عزم کسی دوسرے ملک کا محتاج نہیں ہے ، انسداد دہشت گردی کیلئے مشترکہ کوششوں کی ضرورت ہے ، پاکستان میں وزیراعظم سزا پاسکتا ہے تو آئین روندنے والا کیوں نہیں ، ملک میں قانون کی حکمرانی سب کیلئے برابر ہونی چاہئے ۔
تفصیلات کے مطابق بدھ کو اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے مشترکہ کوششوں کی ضرورت ہے ، سابق صدر پرویز مشرف کا نام لیے بغیراحسن اقبال نے کہاقانون سب کے لئے ایک جیسا ہے اگر پاکستان کا منتخب وزیراعظم عدالتوں کے ذریعے سزا پاسکتا ہے تو کوئی وجہ نہیں جس نے ملک کا آئین توڑا، ملک کو آگ و خون میں دھکیلا تو اس کو بھی سزا مل سکتی ہے۔