راولپنڈی (اپنے نامہ نگار سے ) راولپنڈی کنٹونمنٹ بورڈ کے مالی مسائل میں آئے روز اضافے کا شکار ڈیلی ویجرز ہی بن رہے ہیں ، پچھلے سال سوا سال میں تقریباً دو سو ڈیلی ویجرز کو فارغ کیا جا چکا ہے جبکہ رواں ماہ بھی تقریباً 30 ڈیلی ویجرز کو فارغ کیا گیا ہے اور ڈیلی ویجرز کی توسیع کیلئے آنے والی فائل کی منظوری سے قبل پہلے ادارے کے بجٹ کو دیکھا جا رہا ہے اس کے بعد ہی اس کو توسیع دی جاتی ہے یا پھر متعلقہ ملازم کے پیچھے کون ہے اور یہ کس کا سفارشی ہے اس کو دیکھا جاتا ہے پھر اس کو تین ماہ کی توسیع دی جاتی ہے ، کینٹ بورڈ ذرائع کے مطابق موجودہ ایگزیکٹو آفیسر کے آنے سے پہلے تقریباً 969ڈیلی ویجرز تھے یعنی منظور شدہ پوسٹوں کے مقابلے میں تقریباً 31سو ملازمین کام کر رہے تھے اب کینٹ بورڈ حکام کا کہنا ہے کہ یہ تعداد کم ہو کر 2880پر آچکی ہے جس کو مزید کم کرنا ہے کیونکہ کینٹ بورڈ کے سالانہ بجٹ سے تقریباً سوا ارب روپیہ ملازمین کی تنخواہوں میں چلا جاتا ہے ایسے میں کینٹ میں رہنے والے لوگوں کے ترقیاتی کام کروانا انتہائی مشکل ہو چکا ہے ، ترجمان کینٹ بورڈ قیصر محمود کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ کینٹ بورڈ کے سوا دو ارب روپے کے بجٹ سے سالانہ ملازمین کی تنخواہوں پر سوا ارب روپے نکل جاتے ہیں جو بہت ہی الارمنگ صورتحال ہے ، بہت سے ڈیلی ویجرز ادارے پر بوجھ بنے ہوئے ہیں ، ہمیں کسی کو فارغ کرنے سے خوشی نہیں ہوتی مگر ادارے کا بجٹ آڑے آ رہا ہے ۔