امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ احتساب کے لئے بنائے گئے ادارے ناکام ہو چکے ہیں۔ نیب کرپٹ عناصر کے لئے سہولت کار بن چکا ، نیب نے اگر ستمبر کے آخر تک کارکردگی نہ دکھائی تو نیب دفتر کے سامنے دھرنا ہوگا۔
لاہور سے راولپنڈی تک جماعت اسلامی کی احتساب ریلی کے بعد جلسے سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہےنواز شریف کی نا اہلی سے دل مطمئن نہیں ہوا نیب کو پاناما اسکینڈل میں ملوث باقی 436 افراد کے خلاف بھی کارروائی کرنا ہو گی اگر ایسا نہ ہوا تو ماہ اکتوبر کے شروع میں نیب آفس کے سامنے دھرنا دیں گے ۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ ملک میں کرپٹ مافیا کے خاتمے کے لئے نوجوانوں کا ساتھ چاہتا ہوں۔ کرپشن کے باعث ہمارے بچے سڑکوں پر مزدوری اور نوجوان گردے بیچنے پر مجبور ہیں۔
برما میں مسلمانوں کے قتل عام پر بات کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی نے حکومت کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ برما میں مسلمانوں کو جلایا گیا بچوں کو قتل کیا گیا خواتین کی عصمت دری کی گئی۔دنیا میں کہرام کی کیفیت ہے مگر اسلام آباد میں قبرستان کی سی خاموشی چھائی ہے۔
سراج الحق نے کہا ہمیں امید تھی کہ ہمارے وزیر اعظم بھی ترکی کے وزیر اعظم کی طرح برما کے مسلمانوں کے دکھ میں برما یا بنگلہ دیش جاتے مگر ایسانہیں ہوا ۔
حکمرانوں سے کہتا ہوں امریکا سے نہیں اللہ سے ڈرو امریکا کبھی ہمارا ساتھی نہیں بن سکا واشنگٹن کی بجائے اپنا رخ مکہ کی طرف کر لو۔