• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

قومی ہاکی ٹیم کی قیادت کیلیے عرفان سینئراور حسیم میں مقابلہ

کراچی (اسٹاف رپورٹر) ایشیا کپ ہاکی ٹورنامنٹ کے لئے قومی ہاکی ٹیم کے دوروزہ ٹرائلز منگل سے ایدھی ہاکی اسٹیڈیم میں شروع ہوگئے ۔

چیف سلیکٹر حسن سردار، ارکان سلیکشن کمیٹی مصدق حسین، ایاز محمود نے کھلاڑیوں کی کارکردگی کا جائزہ لیا۔

اس موقع پر پی ایچ ایف کے صدر بریگیڈیئر (ر) خالد کھوکھر اور سیکریٹری شہباز احمد بھی موجود تھے۔ ٹرائلز بدھ کو بھی جاری رہیں گے۔ ٹیم کا اعلان جمعرات کو کیے جانے کا امکان ہے ۔

کپتانی کیلئے عرفان سینئر اور حسیم خان میں مقابلہ ہے۔ اس موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے چیف سلیکٹر حسن سردار نے کہا کہ کھلاڑیوں کی فٹنس پر مزید کام کرنے کی ضرورت ہے، نیا ٹیلنٹ دریافت کرنے کے لئے تعلیمی اداروں میں ہاکی کا بحال ہونا ضروری ہے، ایسوسی ایشنوں کو بھی فعال ہونا پڑے گا،  گراس روٹ کی سطح پر ہاکی میں کام کرنے کی خاصی گنجائش ہے، انڈر16،19 سطح پر مقابلے کرائے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ قومی ٹیم میں پانچ سے چھ نئے کھلاڑیوں کو موقع مل سکتا ہے، ایشیا کپ میں پاکستان کو بھارت کے ساتھ کسی دبائو میں نہیں آنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ ورلڈ کپ رسائی رائونڈ میں ٹیم کی کار کردگی بہت زیادہ اچھی نہیں رہی، ہمارے خلاف چھ گول ہوئے تو ہمیں اپنی خامیوں کا اندازہ ہوجانا چاہئے۔

تازہ ترین