• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حادثے میں ہلاک و زخمی چینی شہری سیکورٹی کے بغیر سفر کر رہے تھے

کراچی (امداد سومرو) حیدرآباد کے قریب روڈ حادثے میں ہلاک ہونے والا ایک چینی شہری اور زخمی ہونے والے دو چینی شہری غیرمجاز دورے پر تھے اور مناسب سیکورٹی انتظامات کے بغیر سفر کر رہے تھے۔ معلوم ہوا ہے کہ بڈھانی حیدرآباد کے قریب تیز رفتاری کے باعث ایک ٹویوٹا کرولا کار نمبر ACV-541 الٹ گئی جس کے نتیجے میں تین چینی شہری لی لین فینگ، فونگ رونگ چائو اور یوآن چان زخمی ہوگئے جنہیں سول اسپتال حیدرآباد منتقل کیا گیا۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ذرائع کے مطابق یہ چینی شہری ترقیاتی پروجیکٹس کی نگرانی کے سلسلے میں کراچی سے مٹیاری جا رہے تھے۔ ان میں سے دو منگل کو کراچی ایئرپورٹ پہنچے جبکہ تیسرے نے ڈیفنس کراچی سے انہیں  جوائن کیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ تینوں کے ساتھ کوئی سیکورٹی اسٹاف نہیں تھا جو کہ چینی شہریوں کی سیکورٹی کے حوالے سے طے شدہ پلان (ایس او پی) کا حصہ ہے۔ تینوں میں سے ایک زخمی یو آن چان جانبر نہ ہوسکا جبکہ باقی دو کی حالت خطرے سے باہر ہے۔ یہاں یہ بتانا ضروری ہے کہ 8 ہزار پولیس والوں پر مشتمل ایک خصوصی سیکورٹی دستہ تشکیل دیا گیا ہے جو ملک بھر میں چینی شہریوں کی سیکورٹی کیلئے مختص ہے اور چینی شہریوں کو سختی سے ہدایت کی گئی ہے کہ وہ کہیں بھی جانے سے قبل وزارت داخلہ پاکستان سے مناسب سیکورٹی انتظامات حاصل کریں۔

تازہ ترین