• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایم کیو ایم سے ہمدردی نہیں،صرف مہاجروں کا لیڈر نہیں بن سکتا،مشرف

اسلام آباد (خبر نگار) آل پاکستان مسلم لیگ کے چیئرمین پرویز مشرف نے ایک مرتبہ پھر واضح کیاہے کہ کراچی کی سیاست میں میرا نام خواہ مخواہ لایاجارہا ہے، پہلے بھی وضاحت کرچکاہوں کہ میں اپنے آپ کوایک علاقائی یا لسانی جماعت تک محدود نہیں کرسکتا۔ ایم کیو ایم سے کوئی ہمدردی نہیں،مہاجروں سے ہمدردی ہے مگرا پنے آپ کو صرف مہاجر برادری کا لیڈر نہیں سمجھتا۔ پی ایس پی نے قیادت کی پیش کش کی نہ ہی اس کی قیادت کروں گا۔ہم نے 23جماعتی اتحاد قائم کیاہے، مزید لوگوں کو ساتھ ملاکر پورے ملک میں تیسری سیاسی قوت بنائی جاسکتی ہے۔ایم کیو ایم پاکستان اور پی ایس پی کا اتحاد غیرفطری تھا مگر مہاجروں کے لئے اچھا تھا۔ایم کیو ایم اور پی ایس پی متحد ہو کر نئے نام کے ساتھ ہمارے اتحاد میں شامل ہوجائیں تو پیر پگاڑا اور دیگر سیاسی قوتوں کو ساتھ ملا کر پیپلز پارٹی کو مات دی جاسکتی ہے۔پنجاب میں پیپلز پارٹی اور ن لیگ کے فارورڈ بلاکس کو ساتھ ملایا جاسکتا ہے۔ ایک ویڈیو بیان میں انہوں نے کہا کہ 23سیاسی جماعتوں نے پاکستان عوامی اتحاد کے نام سے گرینڈ الائنس کی بنیاد رکھی ہے جس کا انہیں چیئرمین بنایا گیا ہے۔ اس اتحاد میں پنجاب سے مسلم لیگ کے ساتھ ساتھ ن لیگ اور پیپلز پارٹی کے ناراض دھڑوں اور فارورڈ بلاکس کو ساتھ ملا کر مضبوط بلاک بنایا جاسکتا ہے۔اس بلاک کو کے پی کے اور بلوچستان تک بڑھایا جائے تو وہ تیسری سیاسی قوت سامنے آ سکتی ہے جس کی ہم بات کرتے ہیں۔
تازہ ترین