• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

23دسمبر کو مشرف کی جا ئیداد کی تفصیلات ہر صورت دی جائیں، خصوصی عدالت

راولپنڈی (نمائندہ جنگ) انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نمبر ایک راولپنڈی کے جج محمد اصغر خان نے سابق وزیراعظم بینظیر بھٹو قتل کیس کے ملزم سابق صدر جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف کی جائیداد سے متعلق ایف آئی اے کی طرف سے رپورٹ پیش نہ کرنے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ 23دسمبر کو ہر صورت رپورٹ پیش کریں جبکہ ملزم کے وکیل اختر علی شاہ اور دونوں ضامن نذیر احمد اور ممتاز حسین نے عدالت میں پیش ہوکر استدعا کی کہ سابق صدر عدالت میں پیش ہو جائیں گے لہذا ہمیں کچھ وقت کی مہلت دی جائے جس پر عدالت نے مہلت کی استدعا منظور کرلی۔ عدالت نے سابق صدر کے ضمانت کے بعد پیش نہ ہونے اور بیرون ملک فرار ہو جانے پر ان کے دونوں ضامنوں کیخلاف کارروائی شروع کرتے ہوئے کہا تھا کہ اگر ملزم پیش نہیں ہوا تو ضمانت کے عوض جمع کروائی جانے والی دس لاکھ روپے کی رقم بحق سرکار ضبط کر لی جائے گی۔علاوہ ازیں عدالت نے ایف آئی اے سے ملزم کی جائیداد سے متعلق بھی رپورٹ طلب کر رکھی تھی مگر گزشتہ روز ایف آئی اے کا کوئی اہلکار پیش نہیں ہوا تو عدالت نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ تاریخ پر ہرصورت مکمل رپورٹ پیش کریں۔
تازہ ترین