• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سکھر ، اوور ٹائم الاؤنس نہ ملنے کیخلاف فائر بریگیڈ ملازمین کا احتجاج

سکھر (بیورو رپورٹ) میونسپل کارپوریشن کے شعبہ فائر بریگیڈ کے ملازمین اوور ٹائم الاؤنس نہ ملنے کیخلاف سراپا احتجاج بن کر سڑکوں پر نکل آئے۔ فائر بریگیڈ عملے کی جانب سے پرانی گوشت مارکیٹ کے نزدیک واقع فائر بریگیڈ اسٹیشن کے باہر سڑک پر احتجاجی کیمپ لگاکر علامتی بھوک ہڑتال کی۔ مظاہرے کی قیادت علی مردان شیخ، ہادی بخش سومرو و دیگر کررہے تھے۔ مظاہرین نے کہا کہ ملازمین کو اوور ٹائم الاؤنس دلانے کے لئے میونسپل انتظامیہ کی جانب سے ایک کمیٹی تشکیل دی گئی تھی جس نے ملازمین کو اوور ٹائم الاؤنس دینے کی سفارش کی مگر اس کے باوجود فائر بریگیڈ اسٹاف کو اوور ٹائم الاؤنس نہیں دیا جارہا۔ میونسپل کارپوریشن کے اکاؤنٹ میں رقم موجود ہونے کے باوجودٹال مٹول سے کام لیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہم 24 گھنٹے اپنے فرائض انجام دیتے ہیں، میونسپل کارپوریشن کے کسی بھی شعبے کی کوئی سروس ایسی نہیں ہے جو کہ 24گھنٹے کام کرتی ہوں۔ ہمیں آدھی رات کو بھی فون کرکے بلایا جاتا ہے تو ہم بروقت کارروائی کرتے ہیں۔ آگ بجھانے کے علاوہ شہر کے مختلف علاقوں میں پینے کا پانی بھی سپلائی کرایا جاتا ہے، سڑکوں پر چھڑکاؤ بھی فائر بریگیڈ کے عملے سے کرایا جاتا ہے، انہوں نے وزیر اعلیٰ سندھ، صوبائی وزیر بلدیات و دیگر بالا حکام سے اپیل کی کہ نوٹس لیکر فائر بریگیڈ عملے کو اوور ٹائم الائنس دلانے میں اپنا کردار ادا کریں بصورت دیگر احتجاج کا سلسلہ جاری رہے گا۔
تازہ ترین