آمیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کل ملک بھر میں یوم عزم ختم نبوت منانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک میں نظام مصطفے کے نفاذ اور ختم نبوت کے مسئلے پر اعلی سطحی عدالتی کمیشن بنایا جائے اور ذمہ داروں کو کٹہرے میں لایا جائے۔
ادارہ نورحق کراچی میں جماعت اسلامی کے رہنماوں کے ہمراہ پریس کانفرنس میں سراج الحق کا کہنا تھا کہ ہماری خواہش ہے ملک میں نظام مصطفے رائج ہو کیونکہ ملک کو درپیش مسائل کا واحد حل اسلامی نظام میں ہے، آج لوگ بچوں کو فروخت کرنے پر مجبور ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آج نظام مصطفے کے نفاذ کے لیے جدوجہد کی ضرورت ہے لاکھوں قربانیاں دیکر حاصل ہونے والے ملک میں کہیں عوام کو عدل وانصاف نہیں مل رہا۔
سراج الحق کا کہنا تھا حلف نامے میں تبدیلی کرنے والے تمام کرداروں کو سامنے لایا جائے اور عدلیہ کے ذریعے تحقیقات کرائی جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ 295 سی میں کسی بھی ترامیم کو مسترد کرتے ہیں، حکومت پاکستان امریکی وزیر دفاع سے ڈاکٹر عافیہ کی رہائی کا مطالبہ کرے۔
سراج الحق نے کہا کہ جانوروں اور پودوں کے تحفظ کی بات کرنے والے کشمیر میں جاری ظلم وستم پر اواز بلند کیوں نہیں کرتے۔