کراچی(اسٹاف رپورٹر) انٹر نیشنل اولمپک کمیٹی نے پاکستان ہاکی میں خواتین کھلاڑیوں کے ساتھ کوچ سعید خان کے نامناسب رویہ اور ان پر لگائے گئے الزامات کا نوٹس لیتے ہوئے پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن سے رپورٹ مانگ لی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پی او اے نے اس بارے میں پی ایچ ایف کو خط لکھا ہے جس میں خواتین کھلاڑیوں کے الزامات کے بارے میں اصل حقائق فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے جس پر پاکستان ہاکی فیڈریشن نے کرنل احمد نواز کی سر براہی میں تین رکنی کمیٹی قائم کی ہے جس میں قومی خواتین ہاکی ٹیم کی سابق کپتان فرحت خان اور راشد بٹ شامل ہیں، واضح رہے کہ خواتین کھلاڑیوں سیدہ سعدیہ اور اقرا سعید نے قومی ہاکی کیمپ کے دوران ٹیم کے کوچ سعید خان پر ان کے ساتھ نامناسب رویہ اور انہیں جسمانی طور پر ہراساں کرنے کا الزام لگایا تھا جس کے بعد ان دونوں کھلاڑیوں کو ٹیم سے باہر کردیا گیا اور پی ایچ ایف نے کوچ کی حمایت میں موقف دیا تھا، تاہم اس بات کی اطلاعات ہیں کہ پی ایچ ایف کی جانب سےدونوں کھلاڑیوں پر دبائو ڈلا جارہا ہے کہ وہ اپنے الزامات کو واپس لے لیں تو مستقبل میں ان کی تمام شکایت کا ازالہ کردیا جائے گا ۔