وزیراطلاعات و ٹرانسپورٹ سید ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ معذور افراد کے لئے کرایوں میں 50فیصد رعایت دینے کا منصوبہ زیر غور ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے معذوروں کے عالمی دن پر کراچی میں ہونے والی ایک تقریب کے دوران کیا ۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت سندھ ملازمتوں میں معذوروں کا کوٹا 5 فیصد کرنے اور ان کےلئے کرایوں میں 50 فیصد رعایت دینے کے منصوبے پر غور کررہی ہے ۔
وہ نیورولوجی اویرنس اینڈ ریسرچ فنڈاورہیلپنگ ہینڈفار ریلیف اینڈ ڈیولپمنٹ کے زیر انتظام ہونے والے سیمینارسے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کررہے تھے ۔
سید ناصر حسین شاہ نے مزید کہا کہ شہر میں ٹرانسپورٹ کا نظام اتنا اچھا نہیں ہے لیکن اب بی آر ٹیز تیزی سے بن رہی ہیں۔ سٹی بس سروس شروع کر رہے ہیں، معذور افراد کو اس کے کرایوں میں 50 فیصد رعایت دی جائے گی۔ محکمہ سماجی بہبود کے ساتھ مل کر سماعت کے آلات فراہم کرنے میں بھی مدد کریں گے۔
قبل ازیں سیمینار سے کراچی انسٹی ٹیوٹ آف نیورولوجیکل ڈیزیز اینڈ ری ہیبلی ٹیشن کے چیئرمین پروفیسر محمد واسع، اسسٹنٹ پروفیسر نیورولوجی و جنرل سیکریٹری نیورولوجی اویرنڈیشن ڈاکٹر عبدالمالک، لیاقت نیشنل اسپتال کے اسپیچ اینڈ لینگویج پیتھالوجی یونٹ کی انچارج ڈاکٹر تہمینہ تابش، ڈاوؤ ف ہیلتھ ساآف میڈیسن اینڈ ری ہیبلی ٹیشن کی اسسٹنٹ پروفیسرڈاکٹر مدیحہ لطیف اور انچارچ او ٹی یونٹ، لیاقت نیشنل اسپتال نیلم زہرہ و دیگر نے خطاب کیا۔
ماہرین سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں معذور افراد کی تعداد 53لاکھ سے زائد ہے۔ ان میں بچوں کی شرح 43 فیصد ہے۔ معذور افراد کی تعداد میں ہر سال 2.65 فیصد اضافہ ہورہا ہے۔ ان کی تعلیم و تربیت پر توجہ دی جائے اور روزانہ کی بنیاد پر ان کی کونسلنگ کی جائے تو یہ افراد بھی معاشرے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔
سیمینار میں ڈس ایبلڈ پرسنز ایمپلائمنٹ اینڈ ری ہیبلی ٹیشن ایکٹ پر مؤثر عملدرآمدکرانے کامطالبہ کرتے ہوئے پروفیسر ڈاکٹر محمد واسع اور ڈاکٹر عبدالمالک نے کہا کہ پبلک ٹرانسپورٹ میں معذور افراد کو سوار کرنے کی سہولت فراہم کی جائے جو اس وقت صفر ہے۔
سرکاری تعلمی اداروں میں داخلہ فیس معاف اور ٹیوشن فیس میں 75 فیصد رعایت دی جائے، ہوائی جہاز، ریلوے اور ہر طرح کی ٹرانسپورٹ میں معذور افراد کو 50فیصد رعایت دی جائے۔
انہوں نے یہ مطالبہ بھی کیا کہ سرکاری اسپتالوں میں مفت اور نجی اسپتالوںمیں 60 فیصد رعایت پر علاج کی سہولت فراہم کی جائے ۔